
صوبے کی بزنس کمیونٹی نے حقیقی معنوں میں حالات کے مقابل جہاد کیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی
صوبے کی بزنس کمیونٹی نے حقیقی معنوں میں حالات کے مقابل جہاد کیا ہے، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی
اس صوبے کی عوام، تاجر برادری، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی اور نامساعد حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ان شاء اللہ حالات بہتر ہونگے، ہم نے ثابت قدم رہنا ہے، ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور میں دورے کے موقع پر اظہار خیال
گورنر سے درخواست ہے کہ صوبے میں بجلی سے جڑی مشکلات کے خاتمے بارے رابطہ پل کا کردار ادا کریں، فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گے، سرتاج احمد خان
پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کے صوبہ خیبرپختونخوا کے نامساعد حالات کے باوجود جس طرح سے دیگر مکاتب فکر نے بالعموم اور صوبے کی بزنس کمیونٹی نے بالخصوص ہمت اور حوصلے بلند رکھے یہ کسی طور بھی عملی جہاد سے کم نہیں ہے، ان سب کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دینگے، معیشت کو ہر حال میں مستحکم کرنے کے لیے پیش قدمی جاری رہیگی، لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نے ثابت قدم رہنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی ریجنل آفس پشاور میں بزنس کمیونٹی کے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی فیڈریشن کے ریجنل آفس سمیت مہمند چیمبرآف کامرس کا بھی دورہ کیا اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ فیڈریشن آفس میں بزنس کمیونٹی نے گورنر کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ صدر محفل اور مہمان خصوصی گورنر حاجی غلام علی تھے، ان کے ساتھ ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان، ایڈورڈز کالج کے پرنسپل شجاعت اللہ، کے پی بی او آئی ٹی سمیت دیگر اداروں کے نمائندے، وویمن چیمبرز سمیت دیگر چیمبرز کے عہدیدار اور کاروباری طبقے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سرتاج احمد خان نے گورنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے موجودہ صورتحال پر بریف کیا۔ انکا کہنا تھا اس وقت ملک اور بالخصوص صوبے میں بجلی گیس لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ ان دونوں سیکٹرز میں قیمتوں کے ہوشربا اضافے نے عوام سمیت کاروباری طبقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جہاں روزگار اور کاروبار دونوں کو جاری رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے، اگر ملک کو ڈیفالٹ اور خانہ جنگی سے بچانا ہے تو ملک میں غریب عوام و کاروباری طبقے پر سے بے جا و ناروا ٹیکسز کا بوجھ ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہائیڈرل سے بجلی بناتے ہیں ہم پر آئل گیس کے چارجز کو ختم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جو کے بجلی گیس کی پیداوار میں سب سے آگے ایسے صوبے کو بجلی لوڈ شیڈنگ گیس لوڈ شیڈنگ سمیت ہزاروں لاکھوں کے یوٹیلیٹی بلز جو کے ٹیکسز سے بھرپور ہیں بھجوانا سراسر نا انصافی ہے۔صوبے میں ویلنگ سسٹم کو فعال کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرنا ہوگی کیونکہ ایک ہی ریجن میں ہمارے ملک کا بجلی ترسیل اور وصولی بل کا نظام انتہائی ظالمانہ ہے۔ سرتاج احمد خان نے صنعتوں کو درپیش مشکلات سے بھی گورنر کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں گورنر حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ملک اور صوبے کی بزنس کمیونٹی کن حالات و مشکلات سے گزر رہے ہیں لیکن نامساعد حالات کے باوجود ان مشکلوں کو حل کرنے کے لیے ہمیشہ سے میدان عمل میں رہا اور آئندہ بھی اپنی ہر ممکن کوشش کرتا رہونگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اسکے بغیر معیشت کا استحکام اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام و کاروباری طبقے کو ان کا جائز حق دلوا کر رہینگے۔ گورنر نے یقین دلایا کے آنے والا وقت ملک و قوم کے لیے خوشحالی کا ضامن ہوگا تاہم اس کے لیے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نفرتوں کا خاتمہ کرکے پورے جذبے اور لگن سے آگے بڑھنا ہوگا۔ گورنرنے کہاکہ ملک اور صوبے کو دیگرمشکلات کے علاوہ بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافہ جیسے مسائل بھی درپیش ہے لیکن اس کے حل کیلئے بزنس کمیونٹی کے مشران کو بات چیت کے ذریعے جدوجہد کرنی چاہئیے۔ اس وقت بزنس کمیونٹی پہلے ہی پریشان ہے، انہوں نے کہاکہ وہ بزنس کمیونٹی اور عوام کے ساتھ ہیں اور ہمہ وقت کوشش کررہے ہیں کہ مہنگائی، بے روزگاری کاخاتمہ ممکن ہوسکے، اس کیلئے بزنس کمیونٹی کے مشران کو ملکر حکومت کے ساتھ بامقصد بات چیت کرنی چاہئیے تاکہ مسائل حل ہوسکے اور بزنس کمیونٹی کے کاروبار کو نقصان نہ پہنچے۔ بعد ازاں گورنر کی موجودگی میں ایف پی سی سی آئی اور ایڈورڈز کالج کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
گورنرکا سینئر صحافی حفیظ الفت کی وفات پرتعزیت کا اظہار
پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے سینئر صحافی روزنامہ سرحد کے بانی اور چیف ایڈیٹر حفیظ الفت کی وفات پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے۔اپنے تعزیتی بیان میں گورنرنے پسماندگان اورغمزدہ خاندان کے دیگرافراد کے ساتھ دلی ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔ گورنر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم سینیئر بزرگ صحافی حفیظ الفت کی صحافتی شعبہ میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔