Chitral Times

Sep 30, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بجلی بلوں کیخلاف احتجاج، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی

شیئر کریں:

بجلی بلوں کیخلاف احتجاج، پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی

پشاور(چترال ٹایمزرپورٹ) ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی بجلی کے اضافی بلز اور ٹیکسز پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا، احتجاج کے باعث چارسدہ روڈٹریفک کے لیے بند ہو گیا، مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلائے۔اس موقع پر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے،بجلی بلوں کے خلاف احتجاج کے پیشِ نظر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی۔پیسکو کی جانب سے چیف کیپیٹل سٹی پولیس کو خط لکھ کر 7 سب ڈویڑنز پر پولیس تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے،خط کے مطابق خیبر سرکل، حیات آباد ٹو، تاج آباد، لنڈی ارباب، بڈھ بیر، متنی اور دیہہ بہادر سب ڈویڑنز میں پولیس فورس دی جائے۔خط میں کہا گیا کہ مشتعل عوام ان سب ڈویڑنز میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کر سکتے ہیں، پیسکو ملازمین میں بھی خوف و ہراس پایا جاتا ہے، ملازمین اور املاک کو تحفظ فراہم کیا جانا ضروری ہے،خط میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں امن و امان کو خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔

 

آئیسکو نے صارفین کی سہولت کیلئے بجلی بل اقساط میں ادا کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)آئیسکو نے صارفین کی سہولت کیلئے بجلی بل اقساط میں ادا کرنے کا اعلان کردیا، ترجمان آئیسکو کے مطابق بجلی بلوں کی مقررہ تاریخ میں بھی توسیع کی جارہی ہے۔ترجمان آئیسکو کے مطابق سی ای او امجد خان کی ہدایت پر صارفین کی مشکلات کو حل کریں گے،صارفین کی مشکلات دیکھتے ہوئے اضافی بوجھ کم سے کم کرنے کی کوشش کریں گے۔ایس ڈی او ریونیو ایکسین کے دفاتر یا کسٹمر سروسز سینٹرز سے مقررہ تاریخ میں توسیع کروائی جا سکتی ہے،ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیکسز اور ٹیرف میں اضافے سے متعلق آئیسکو کا کوئی رول نہیں۔آئیسکو بجلی خرید کر آگے ٹرانسمنٹ کر دیتی ہے، آئیسکو کو فی یونٹ تقریباً سوا دو روپے پرافٹ مارجن ملتا ہے، ترجمان آئیسکو کا مزید کہنا تھا کہ بجلی صارفین کسی سرکاری تنصیبات کو نقصان نہ پہنچائیں۔

 


شیئر کریں: