
بجلی کے بھاری بلوں پر عوام کا صبر جواب دے گیا، شہر شہر احتجاجی مظاہرے، جماعت اسلامی کا 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
بجلی کے بھاری بلوں پر عوام کا صبر جواب دے گیا، شہر شہر احتجاجی مظاہرے، جماعت اسلامی کا 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ )بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ اور بھاری ٹیکسز کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تاجر برادری سمیت عام شہری احتجاج کر رہے ہیں۔ملک کے مختلف شہروں میں مہنگی بجلی کے خلاف احتجاج میں عوام بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں اور ارباب اختیار سے بجلی سستی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے شہری حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔۔۔۔لاہور۔۔۔توقعات سے بڑھ کر بجلی کے بل آنے پر لاہور کے عوام بھی بلبلا اٹھے، لاہور میں بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف شاہدرہ کے رہائشیوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے اور مہنگی بجلی پر حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔۔۔نوشہرہ۔۔۔رسالپور میں عوام بجلی کے بھاری کے خلاف سراپا احتجاج عوام نے مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ مکمل طور پر ہر قسم کی ٹرایفک کیلئے بلاک کر دیا، بجلی بلوں کے خلاف تاجران نے تجارتی مراکز اور دکانیں بند کر دیں، مشتعل مظاہرین نے واپڈا پیسکو اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے بھاری بلوں نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں،
حکومت بجلی کے بلوں سے ظالمانہ ٹیکس کٹوتیاں ختم کرے، ریلیف نہ دیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔۔فیصل آباد۔۔۔فیصل آباد میں بجلی کے بلوں کے خلاف شہریوں نے شیخوپورہ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو بلاک کر دیا، عوام نے بجلی کے بلوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے فیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔۔۔بہاولپور۔۔بہاولپور میں واپڈا کے اضافی بلوں کے خلاف شہریوں نے کے ایل پی روڈ سندھ اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث مین کراچی ہائی وی پر گاڑیوں کی دور دور تک لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔۔۔ملتان۔۔۔بجلی کے اوور بلوں پر ملتان میں صارفین نے بلال چوک پر احتجاج ریکارڈ کروایا، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر مپیکو کے خلاف شیدید نعرہ بازی کی اور ٹائر جلا کر چوک کو چاروں طرف سے بلاک کرکے بجلی کے بل جلا دیے۔۔۔صادق آباد۔۔۔مہنگی بجلی اور ٹیکسز کی بھرمار کیخلاف صادق اباد میں تاجر تنظیموں نے احتجاجی ریلی، ریلی موبائل مارکیٹ سے پریس کلب تک نکالی گئی جس میں شرکا کا کہنا تھا کہ کمرشل بلز تو ایک طرف گھریلو بل ادا کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔۔۔
حجرہ شاہ مقیم۔۔۔بجلی بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں اور بڑھتی قیمتوں کیخلاف حجرہ شاہ مقیم کے عوام نے بھرپور احتجاج کیا، مظاہرین شہریوں نے بجلی کے بل جلا دیے اور واپڈا و حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔۔۔دیپالپور میں بھی شہریوں نے دوران احتجاج بجلی کے بل جلا دیے اور مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے اور شہریوں کا معاشی قتل عام بند کرے۔۔۔اوکاڑہ۔۔بنگلہ گوگیرہ میں بجلی بلز میں ظالمانہ ٹیکس کے خلاف عوام نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج میں مظاہرین نے بجلی کے بل بھی نظر آتش کر دیے، مظاہرین نے فیصل آباد روڈ بھی بلاک کر رکھا تھا۔۔۔۔قصور۔۔۔کوٹ مراد خان میں بھی بھاری بجلی کے بلوں پر شہری بلبلا اٹھ، شہریوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا اور بلز میں ٹیکسس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، شہریوں نے بل ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔۔۔مالاکنڈ۔۔بجلی کے بلز میں اضافے کے خلاف سخاکوٹ میں احتجاجی مظاہرہ ہوا، سخاکوٹ بازار میں مشتعل مظاہرین نے روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین نے بجلی بلز ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
بجلی کی قیمت میں اضافہ؛ جماعت اسلامی کا 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
لاہور(سی ایم لنکس)بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 2 ستمبر بروز ہفتہ کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کراچی سے چترال تک ظالمانہ فیصلے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکلیں گے، فیصلے برداشت اور ہضم کرنے کے قابل نہیں۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں مرکزی لیڈر شپ اور صوبائی امراء شریک ہوں گے۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، مہنگائی کے خلاف جاری تحریک میں مزید تیزی اور شیڈول پر مشاورت ہوئی۔ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافے پر اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے پر بھی غور کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔