
چھ ماہ میں ساڑھے 4 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے
چھ ماہ میں ساڑھے 4 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چھ ماہ میں ساڑھے 4 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ گئے ہیں۔2023 کے ابتدائی 6ماہ کے دوران 4لاکھ 50 ہزار پاکستانی روز گار کے لئے بیرون ملک منتقل ہوئے۔امیگریشن بیورو کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک عرب اخبار کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی، کم تنخواہوں اور دیگر وجوہات کی وجہ سے چار لاکھ 50 ہزار پاکستانی بیرون ملک منتقل ہوئے۔بہتر مستقبل اور روزگار کے سلسلے میں ڈاکٹرز، انجینئرز، بینک منیجرز،آئی ٹی کے ماہرین، سیلز مین اور عام مزدور بیرون ملک منتقل ہوئے۔سب سے زیادہ افرادنے سعودی عرب کا رخ کیا،دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات، تیسرے پر قطر، چوتھے پر ریاست عمان جبکہ پانچویں نمبر پر ملائیشیاکو منتخب کیا گیا۔
پاکستان کا ڈنمارک کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے کے بل کی تجویز کا خیرمقدم
اسلام آباد(سی ایم لنکسپاکستان نے ڈنمارک کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے کے بل کی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بل قرآن پاک اور دیگر آسمانی کتابوں کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دے گا۔ترجمان نے کہا کہ بل قرآن پاک اور دیگر آسمانی کتابوں کی بیحرمتی روکنے کی جانب درست سمت میں قدم ہے، مقدس کتابوں کی بے حرمتی اور جلانا مذہبی منافرت کا سنگین عمل ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں مقدس کتابوں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔واضح رہے کہ ڈنمارک کی جانب سے قرآن کی بے حرمتی پر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔خبرایجنسی کے مطابق ڈنمارک کے وزیر انصاف پیٹر ہملگارڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم مذہبی اہمیت کی چیزوں سے نامناسب سلوک پر پابندی کا بل پیش کریں گے۔وزیرِ انصاف نے کہا ہے کہ مقصد خاص طور پر عوامی مقامات پر مذہبی چیزوں کی بیحرمتی کو روکنا ہے۔