
سائفر کیس میں ایف آئی اے نے عمران خان کو شامل تفتیش کرلیا
سائفر کیس میں ایف آئی اے نے عمران خان کو شامل تفتیش کرلیا
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)سائفر کنٹینٹ،آڈیو لیک و گمشدگی پر ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو باقاعدہ طور پر شامل تفتیش کرلیاگیا۔ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی ٹیم نے ایک گھنٹے سے زائد تک چیرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کی۔ایف آئی اے انسداد دہشتگردی ونگ نے سائفر کنٹینٹ و آڈیو لیک سمیت گمشدگی معاملے پر آفیشل سروس ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے۔مقدمے میں عمران خان اور سابق وزیر خارجہ و وائس چیرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی براہ راست نامزد ہیں۔کیس میں سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر اور سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے کردار کا تعین تفتیش میں کیے جانے کا عندیہ دیاگیا ہے۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مقدمے میں گرفتار ہیں اور ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کی ٹیم ہفتہ کو تقریبا 2 سے سوا 2 بجے کے درمیان اٹک جیل پہنچی اور چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مقدمے میں باقاعدہ شامل تفتیش کرتے ہوئیایک گھنٹیسے زائد تک عمران خان سے تفتیش کی۔تفتیشی ٹیم نے شاہ محمود قریشی سے ہونے والی اب تک تفتیش میں سامنے آنے والے جوابات و انکشافات پر چیرمین پی ٹی آئی سے سوال جواب کیے اور چیرمین پی ٹی آئی سے سائفر کے گمشدہ مسودے کی کاپی کے متعلق بھی دریافت کیا۔تفتیشی ٹیم نے عمران خان سے تقریبا ساڑھے تین بجے تک تحقیقات کیں اور بیان ریکارڈ کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے چیلنج کردیے
اسلام آباد(سی ایم لنکس)چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے عدالت میں چیلنج کردیے۔9 مئی، جوڈیشل کمپلیکس حملہ اور جعل سازی سمیت 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔وکیل سلمان صفدر کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں 9 درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اسٹیٹ اور مدعی مقدمہ کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سیشن کورٹ سے 6، اے ٹی سی سے 3 ضمانتیں خارج ہوئیں۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ ٹرائل کورٹ نے میرٹ دیکھے بغیر ہی ضمانتیں عدم پیروی پر خارج کر دیں۔ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ٹرائل کورٹس کے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں۔ ٹرائل کورٹس کو دوبارہ کیسز سن کر میرٹ پر فیصلے کرنے کی ہدایت کی جائے۔ ان 9 مقدمات میں پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔