
گورنر کی زیرصدارت بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ سے متعلق گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس
گورنر کی زیرصدارت بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ سے متعلق گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس
محکمانہ معاملات اپنی جگہ لیکن واپڈا کو عوامی مشکلات و تکالیف کا بھی احساس کرنا چاہئے،گورنر حاجی غلام علی
پشاور( چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ سے متعلق گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں چیف پیسکو فضل ربی، چیف انجینئر آپریشن پیسکو کاشف کامران، سٹی سپرنٹنڈنٹ انجینئر شہاب الدین، پشاور سٹی ڈویژن، کینٹ اور خیبر ڈویژن کے ایکسیئن واپڈا سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں کینٹ،ورسک روڈ سمیت پشاور شہر و مضافات میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ سے عوام کی تکالیف و مشکلات کے خاتمے پر غورکیاگیا۔اجلاس میں پیربالا ورسک نیشنل گرڈ اسٹیشن پر کام سے متعلق بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے دوران چیف پیسکو نے بتایاکہ پیربالا ورسک گرڈ اسٹیشن پر کام مکمل ہو چکا ہے صرف لائینز ٹرانسمیشن پر کام باقی ہے،ورسک پاور ہاؤس پر اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے جس سے بجلی تعطل کا سامنا ہے، ورسک پاور ہاؤس کی اپ گریڈیشن کا کام 28 اگست تک مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ ورسک پاور ہاؤس کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل ہونے پر بجلی بندش کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔لوڈشیڈنگ کے حوالے سے چیف پیسکو نے بتایا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سنٹرل آفس سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے۔
اس موقع پرگورنرنے کہاکہ محکمانہ معاملات اپنی جگہ لیکن واپڈا کو عوامی مشکلات و تکالیف کا بھی احساس کرنا چاہئے۔ گرمیوں میں طویل لوڈشیڈنگ سے عوام عاجز آگئے ہیں اور احتجاج پرمجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سخت گرمی میں بجلی کی بندش سے عوام میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔سو فیصد بل ادا کرنیوالے صارفین کو بھی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،جو کہ ادارے کے مفاد میں نہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واپڈا عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔گورنرنے کہاکہ کسی بھی صورت عوام کو پریشان نہیں دیکھاجاسکتا، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اورآپ کی مشترکہ ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پشاور کینٹ، پشاورشہر، ورسک روڈسمیت مضافات میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام اورتاجربرادری متاثرہورہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ عام صارفین کی مشکلات میں اضافہ کاسبب بن رہی ہے۔ گورنرنے اس بات پر بھی افسوس کا اظہارکیا کہ شہری اپنی مددآپ کے تحت ٹرانسفارمر ٹھیک کرتے ہیں جوکہ ادارہ کی ذمہ داری بنتی ہے،
بوسیدہ ٹرانسمیشن لائنز کی تبدیلی انتہائی ناگزیرہے کیونکہ ان بوسیدہ لائنز کی وجہ سے بھی بجلی ضائع ہورہی ہے۔ پیسکو حکام فوری طور پر ایسی پالیسی تشکیل دے کہ جس سے بل ادا کرنیوالے اور بل ادا نہ کرنیوالے صارفین میں فرق نظر آجائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری والے علاقوں کو سسٹم میں لانے کیلئے ایک جامع پلان ترتیب دیاجائے جس کے تحت نہ صرف ان علاقوں میں ریکوری کی جائے بلکہ وہاں بھی صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی جہاں پر سو فیصدبل ادا کیے جاتے ہووہاں پرطویل لوڈشیڈنگ صارفین کے ساتھ ناانصافی ہے۔ گورنرنے واپڈا حکام کو تجویز دی کہ دیہی علاقوں کے فیڈرزشہری علاقوں سے الگ کیے جائیں جس سے نہ صرف فیڈرز پراضافی بوجھ بھی ختم ہوگابلکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ کے تعین میں آسانی بھی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی بھی پالیسی ہے کہ عوام کو بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے۔ گورنرنے ہدایت کی کہ پیربالاورسک نیشنل گرڈسٹیشن پرکام تیزکیاجائے اور پاورہاؤس پرکام28 تاریخ تک ہر حال میں مکمل کیاجائے۔گورنرنے یہ ہدایت بھی کہ ٹرانسفارمرزجلنے کی صورت میں فوری طور پر مرمت یاتبدیل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ تمام ایس ڈی اوز کا فرض بنتاہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے سروے کریں اور جوبھی ٹرانسفارمراوورلوڈہوپیسکو چیف کو نئے ٹرانسفارمرکیلئے رپورٹ پیش کریں تاکہ شہری مزید پریشانی سے دوچار نہ ہو۔#