Chitral Times

Sep 26, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

دواؤں کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ڈریپ کی وضاحت

Posted on
شیئر کریں:

دواؤں کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ڈریپ کی وضاحت

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دواؤں کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ایک بیان میں ڈریپ نے کہا ہے کہ حکومت نے نئی رجسٹر ہونے والی 25 دواؤں کی قیمت مقرر کی ہے، تمام 25 نئی دوائیں ہیں، اس سے پہلے پاکستان میں رجسٹر ہی نہیں تھیں۔تمام 25 ادویات پہلی بار مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔وضاحتی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیراسٹامول کے ساتھ کمبینیشن میں نئی دوا رجسٹر کی گئی ہے، سادہ پیراسٹامول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے مختلف ادویات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ڈریپ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جن ادویات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا گیا ہے اْن میں مختلف بیماریوں کے انجیکشن، گولیاں، انہیلر اور سیرپ شامل ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ نئے سالٹ، فارمولیشن، اسٹرنتھ والی ادویات کی قیمتوں کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ بلڈ پریشر اور خون کی شریانیں کھولنے والی گولیوں کی نئی قیمت متعین کر دی ہے۔

 

تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے، خطے میں را بطوں اور اقتصادی ترقی کے لئے مدد گار ثابت ہو گا، وزیر توانائی محمد علی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگران وفاقی وزیر برائے توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ توانائی کی طلب میں اضافے کی وجہ سے تاپی گیس پائپ لائن جیسے منصوبے اہمیت کے حامل ہیں، یہ منصوبہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے، خطے میں رابطے بڑھانے اور اقتصادی ترقی کے لئے مدد گار ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ سفیر نے وزیر کو اپنا نیا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ملاقات میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر توانائی نے پاکستان کی معیشت کے لیے گیس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب پوری کرنے کے لئے ایسے منصوبوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تاپی منصوبے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ پر پیش رفت درست سمت میں ہے اور اس کے مثبت اثرات برآمد ہوں گے۔ اس تناظر میں توقع ہے کہ میزبان حکومت کا معاہدہ باہمی اتفاق رائے سے اکتوبر میں ہو جائے گا۔ ترکمانستان-افغانستان-پاکستان (ٹی اے پی) بجلی منصوبے پر کام تیزکرنے کے لئے ورکنگ گروپ کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ نگراں وزیرتوانائی نے کہاکہ ترکمانستان اور پاکستان دونوں ایک دوسرے کو سٹریٹجک پارٹنر سمجھتے ہیں،تاپی منصوبہ نہ صرف ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد دے گا بلکہ علاقائی رابطوں اور اس سے منسلک اقتصادی ترقی کے لیے بہترین مواقع فراہم کرے گا۔

 


شیئر کریں: