
عام انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو تجاویز دے دیں
عام انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو تجاویز دے دیں
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ ) الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے، جس کے تحت پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام کے وفود نے چیف الیکشن کمیشن سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کا آغاز ہوگیا، پہلے دن پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام سے الیکشن کمیشن حکام کی ملاقات ہوئی۔سیاسی جماعتوں نے تجاویز بھی پیش کیں۔ملاقات کے بعد پی ٹی آئی وفد کے ہمراہ گفتگو میں سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ہم نے تین نکات پر بات کی ہے۔ الیکشن کمیشن کو کہا ہے نوے روز میں انتخابات متعلق تعاون کیلئے تیار ہیں۔۔ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مردم شماری متعلق آئین میں ترمیم ضروری ہے جس کیلئے قومی اسمبلی موجود نہیں ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنا مؤقف دہرایا کہ ہم آئین کے دائرے میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔۔ایسے الیکشن چاہتے ہیں جس پر پوری قوم متفق ہو۔سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے سلسلے میں 25 اگست کو مسلم لیگ ن اور 29 اگست کو پیپلز پارٹی کو بھی بلایا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس مشاورت کا مقصد آئندہ انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے تجاویز مانگنا ہے۔
امریکی سفیر کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات، انتخابات پر حمایت کی یقین دہانی
اسلام آباد(سی ایم لنکس) امریکی سفیر نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے انتخابات کے حوالے سے امریکی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ترجمان امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات میں پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر گفتگو کی گئی، جس میں انہوں نے شفاف انتخابات کے لیے امریکی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کا انتخاب کرنا پاکستانی عوام کا کام ہے۔ امریکا پاکستان سے تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ امریکا پاکستانیوں کے منتخب کردہ نمائندوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔