Chitral Times

Sep 26, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت

Posted on
شیئر کریں:

توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست پر سماعت جاری ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کر رہے ہیں۔ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ سزا کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیس کا ریکارڈ منگوایا تھا کیا وہ آگیا ہے؟الیکشن کمیشن کے وکیل نے مصدقہ ریکارڈ کی فراہمی کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگ لیا۔عدالت نے کہا کہ ہم کچھ وقت دیں گے۔الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کم از کم 10 دن کا وقت درکار ہے، مجھے کیس کا تصدیق شدہ ریکارڈ ابھی نہیں مل سکا، اپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواست بھی دی گئی ہے، میری استدعا ہے کہ مجھے تیاری کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کو وقت دینے کی مخالفت کرتا ہوں، عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے آج جواب طلب کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئی رعایت نہیں چاہیے، وہ بنیادی حق مانگ رہے ہیں، میری استدعا ہے آج ہی سزا معطلی کی درخواست منظور کی جائے، سابق وزیراعظم کی سزا معطلی کی درخواست پر آج ہی فیصلہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن کو چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف حتمی فیصلے سے روک دیا گیا

لاہور(سی ایم لنکس) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں حتمی فیصلے سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کی جاری توہین کمیشن کی کارروائی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس وحید خان نے چیئر مین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو چیئرمن پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کیس کا حتمی فیصلہ کرنے سے روک دیا اور آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کردئیے۔عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھے مگر حتمی فیصلہ نہ کرے، عدالت نے درخواست کو فل بنچ کے روبرو پیش کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسی نوعیت کی دیگر درخواستیں فل بنچ میں زیر سماعت ہیں لہذا یہ معاملہ بھی فل بنچ کے سامنے رکھا جائے۔واضح رہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سمیر کھوسہ عدالت پیش ہوئے، چیئر مین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا 20 جون کا حکم نامہ چیلنج کیا ہے۔درخواستگزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 10 کے تحت الیکشن کمیشن بھی ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کی طرح توہین عدالت کے اختیارات استعمال کررہا ہے، الیکشن ایکٹ کا سیکشن 10 آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں مزید کہا کہ توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے پاس ہے، توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔درخواستگزار کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی کہ عدالت چیئرمن پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کالعدم قرار دے، عدالت الیکشن ایکٹ کا سیکشن 10 غیر آئینی قرار دے کر کالعدم قرار دے۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 مقدمات میں مختلف تاریخوں پر طلبی کے نوٹس

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج 5 مقدمات میں مختلف تاریخوں پر طلبی کے نوٹس جاری کر دیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج پانچ مقدمات کے کیس کی سماعت ہوئی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء جان محمد، سردار مصروف اور نعیم پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل صفائی جان محمد نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو روزانہ جیل سے عدالت لانا آسان نہیں۔ جج ابوالحسنات نے کہا کہ مجھے معلوم ہے روز جیل سے لانا مناسب بھی نہیں، کیسز میں شریک ملزمان کی بھی حاضری مارک ہونی ہے۔وکیل صفائی جان محمد نے استدعا کی کہ پانچوں مقدمات کی مختلف تاریخیں رکھنے کے بجائے ایک تاریخ رکھ لیں۔وکیل صفائی نے کہا کہ چاہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری بغیر کسی مشکلات کے لگا دی جائے، ان کو سیکیورٹی مسائل بھی ہیں۔جج ابوالحسنات نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک دن ہی آنا ہے، کون سی مشکل بات ہے، شریکِ ملزمان کی تعداد زیادہ ہے، حاضری الگ الگ لگانا مشکل ہو جائے گا، جب طلبی کا معاملہ ہو گا تو پھر تمام کیسز کو یکجا کر دیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کو تھانہ رمنا میں درج دو مقدمات میں 25 ستمبر، تھانہ سی ٹی ڈی اور سنگجانی میں 12 اکتوبر جبکہ تھانہ گولڑہ میں 5 اکتوبر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

 


شیئر کریں: