Chitral Times

Sep 22, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت کا بجلی کی فروخت، تقسیم اور ٹیرف کا موجودہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

حکومت کا بجلی کی فروخت، تقسیم اور ٹیرف کا موجودہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)نِگراں وفاقی حکومت نے بجلی کی فروخت، تقسیم اور ٹیرف کا موجودہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔نگراں وزیر اعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کی ملکیت میں دینے کے لیے سمری وفاقی کابینہ کو بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔ دستاویز کے مطابق حکومت نے ملک بھر میں بجلی کے یکساں ٹیرف کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ہر صوبے میں بجلی کے ریٹ اور سبسڈی کی ذمے داری صوبوں کو منتقل کردی جائے گی۔دستاویزات کے مطابق حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی سندھ کی ملکیت میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ الیکٹرک کمپنی بلوچستان کی، لاہور گوجرنوالہ،فیصل آباداور ملتان الیکٹرک سپلائی کی ملکیت پنجاب اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی ملکیت پنجاب اور وفاق کی مشترکہ طور پر ہو گی۔ پشاور اور ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی خیبر پختونخوا کی ملکیت میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کا پالیسی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق بجلی چوری اور عدم وصولیوں کے باعث قومی خزانہ بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔

 

 

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں روسی زبان سکھانے کے لئے وزارت تعلیم کے اوپن ایجوکیشن سینٹر کا افتتاح

اسلام آباد(سی ایم لنکس)روسی سفیر ڈینیلا گا نیچ نے کہا ہے کہ روس و پاکستان کے باہمی تعلقات دونوں ممالک کے قومی مفادات اور عالمی استحکام کے لئے ناگزیر ہیں، پاکستان کی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں روسی فیڈریشن کی وزارت تعلیم کا اوپن ایجوکیشن سینٹر پاک۔روس تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں روسی زبان سکھانے کے لئے روس کی تہذیب و ثقافت پر مبنی“اوپن ایجوکیشن سینٹر”کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر روس کی یورال اسٹیٹ پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر سویتلانا منیوروو، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، یونیورسٹی کے ڈینز اور پرنسپل افسران موجود تھے۔روسی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی جامعات کے تعلقات مضبوط بنانے اور مشترکہ اہداف کی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ روس اور پاکستان کے مابین 75سالوں سے مضبوط تعلقات قائم ہیں اور ہم دونوں ممالک کی جامعات کے مابین تعلیمی اشتراک سے یہ تعلقات مزید بہتر کرنے کا خواہش رکھتے ہیں۔

 

تقریب سے روسی فیڈریشن کے نائب وزیر تعلیم، ڈیلز ای گریبوف، روسی تعلقات کے ڈپٹی ایگزیکٹوڈائریکٹر، سرگئی وی کرلیخانوف، پاکستان کے کونسلر برائے رشین فیڈریشن، ظفر یاب خان، یورال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، آندرے اے بیسیڈن نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور یورال اسٹیٹ پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر سویتلانا منیوروو کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں“اوپن ایجوکیشن سینٹر”کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کی جامعات کے مابین اشتراک کی ابتدا ہے، اس پلیٹ فارم سے اشتراک کی مزید راہیں نکلیں گی جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی امورکے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ اس سینٹر کے قیام کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور روس کی یورال اسٹیٹ پیڈاگوجیکل یونیورسٹی کے مابین 17 اپریل 2023کو معاہد ہ طے ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ روسی زبان سیکھنے کے لئے 1100درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے ہم نے مقرر کردہ میرٹ پالیسی کے تحت 300امیدواروں کا اانتخاب کیا تھا، پہلے مرحلے میں ہم نے انہیں 3ہفتے آن لائن پڑھایا، اگلے مرحلے میں دو ماہ کے عرصے ہم فیس ٹو فیس موڈ کے تحت پڑھائیں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر زاہد مجید اعلان کیا کہ یونیورسٹی میں“ترکش لنگوئج اینڈ کلچر سینٹر”بہت جلد قائم کیا جائے گا۔تقریب سے یونیورسٹی کے لنگوئج اینڈ ٹرانسلیشن سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی نے بھی خطاب کیا۔


شیئر کریں: