
الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں نئی حلقہ بندیوں کیلئے ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں کی تشکیل کے کام کا آغاز آج سے ہوگا
الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں نئی حلقہ بندیوں کیلئے ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں کی تشکیل کے کام کا آغاز آج سے ہوگا
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک بھر میں نئی حلقہ بندیوں کیلئے ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں کی تشکیل کے کام کا آغاز (آج) پیر سے ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹیل مردم شماری 2023کے اعدادوشمار کی منظوری کے بعد ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے ملک کے تمام انتظامی یونٹس کی حدود کو منجمد کردیا گیا ہے۔نئی حلقہ بندیوں کیلئے انتظامی انتظامات 22 سے 31 اگست تک مکمل کئے جائیں گے۔ ڈی لمیٹیشن کمیٹیوں کی ٹریننگ یکم سے 4 ستمبر تک ہوگی۔ ان کمیٹیوں کے ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے ضلعی کوٹے کی تفصیلات 5 سے 7 ستمبر تک مہیا کی جائیں گی جبکہ ان کمیٹیوں کی جانب سے ابتدائی حلقہ بندیوں کی تکمیل 7 اکتوبر تک ہوگی۔ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست ان کمیٹیوں کی جانب سے 9 اکتوبر کو جاری کی جائے گی جن پر اعتراضات 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک جبکہ ان اعتراضات کو 10 نومبر سے 9 دسمبر تک نمٹایا جائے گا۔ حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 14 دسمبر کو ہوگی۔
حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں مزید بہتری آئے گی، انیق احمد
اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ حج انتظامات کا بغور جائزہ لے کر مزید بہتری لائی جائے گی، حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں مزید بہتری آئے گی۔ وزارت مذہبی امور کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت مذہبی امور میں حج انتظامات پر ڈی بریفنگ سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے سینئر حکام نے شرکت کی اور وفاقی وزیر کو حج 2023 کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دی۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ حج 2023 کے انتظامات ہر لحاظ سے مثالی رہے، سخت موسم اور رش کے باوجود تمام فریقین کی طرف سے حج انتظامات کی تعریف کی گئی ہے۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ حج اخراجات میں بچت کی رقوم حجاج کرام کو واپس کی گئی ہیں، تاریخ میں پہلی بار 12 ارب روپے حجاج کو واپس کئے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لانگ ٹرم حج پالیسی لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اجلاس میں حج 2024 کیلئے درخواستیں جلد طلب کرنے پر بھی غور کیا گیا اور آئندہ سالوں کیلئے عازمین حج کو اقساط میں رقم جمع کرانے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔