
گورنرحاجی غلام علی کی درخواست پر تیمرگرہ یونیورسٹی کیلئے مزید 20 کنال اراضی عطیہ کردی گئی
گورنرحاجی غلام علی کی درخواست پر تیمرگرہ یونیورسٹی کیلئے مزید 20 کنال اراضی عطیہ کردی گئی
گورنر نے بے مثال عطیہ پر نواب زادہ صدرالدین اور قطب الدین کاشکریہ ادا کیا اورپسماندہ علاقوں کی بچوں کیلئے بہت بڑا عطیہ قراردیا
گورنرحاجی غلام علی کی زیرصدارت زرعی یونیورسٹی پشاور اور یوای ٹی مردان کے مابین اراضی کی تقسیم سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس
گورنر کی اراضی کی تقسیم سے متعلق محکمہ ہائیرایجوکیشن کی قائم کمیٹی کو آئندہ 7 روز میں کمیٹی اجلاس میں معاملات حل کرنیکی ہدایت
گورنر سے گرلز گائیڈ خیبرپختونخوا اورپاکستان ہندکووان تحریک کے نمائندہ وفود کی بھی الگ الگ ملاقاتیں، مختلف امور پر تبادلہ خیال
پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے دیرسے نوابزادہ صدرالدین اور قطب الدین نے بدھ کے روزگورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کی،جنہو ں نے تیمرگرہ یونیورسٹی کیلئے پہلے سے ہی 88 کنال اراضی عطیہ کی ہے، گورنرکی درخواست پر مزید 20کنال اراضی عطیہ کردی ہے۔ اس موقع پر اسفندیارخان، عنایت اللہ،ڈاکٹر ظہور جان، سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم انیلہ درانی،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہرارشاد اوراسحاق علی قاضی بھی موجود تھے۔
گورنر نے اس بے مثال عطیہ پر نواب زادہ صدرالدین اور قطب الدین اوردیگرکاشکریہ ادا کیا اور کہاکہ دوردراز اور پسماندہ علاقوں کی بچوں کیلئے یہ بہت بڑا عطیہ ہے۔یہ یونیورسٹی نہ صرف لوئردیر، اپردیر، چترال بلکہ باجوڑسے بھی منسلک ہے اوراس یونیورسٹی کی تعمیر سے نہ صرف مذکورہ علاقوں کی اعلی تعلیم کی شرح بلند ہوگی بلکہ علاقے کی ترقی وخوشحالی کا بھی سبب بنے گی۔ گورنرنے اس موقع پر نواب زادہ صدرالدین اور قطب الدین اوروفد کے شرکاء کو یادگاری تحائف اورشیلڈز دیے جبکہ وفدکی جانب سے گورنر کو روایتی قلا لنگی پہنائی گئی۔
علاوہ ازیں گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت زرعی یونیورسٹی پشاور اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان کے مابین اراضی کی تقسیم سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس گورنر ہاوس میں منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت، ڈین یو ای ٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر عمران خان،سیکرٹری محکمہ اعلٰی تعلیم انیلہ درانی، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اراضی کی تقسیم سے متعلق تمام معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے ہدایت کی 400 کنال کی کل اراضی سے متعلق دونوں یونیورسٹیاں مطلوب اراضی کی نشاندہی کر کے مکمل نقشہ تیار کریں تاکہ پتہ چل سکے کہ کس یونیورسٹی کو کونسی جگہ موزوں لگتی ہے۔انہوں نے اس حوالے سے اراضی کی تقسیم سے متعلق محکمہ ہائیرایجوکیشن کی قائم کمیٹی کو تمام معاملات دیکھنے کی بھی ہدایت کی اور اس سلسلے میں آئندہ 7 روز میں کمیٹی اجلاس میں معاملات حل کرنیکی بھی ہدایت کی۔گورنر کا کہنا تھا کہ یہ معاملات صوبہ کی دو پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے مابین ہیں جنہیں شائستگی، عزت و احترام اور قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف طے کرنا ہوگا بلکہ معاملات کو آگے لیکر جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا فیصلہ ہونا چاہئے جو دونوں یونیورسٹیوں کیلئے قابل قبول ہو، اراضی کی نشاندہی نقشہ کی شکل میں کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے اور کمیٹی 7 روز بعد اجلاس میں تمام معاملات کو دیکھ کر اگر کوئی تنازعہ ہو تو اسکوباہمی مفاہمت سے حل کرے اوریو ای ٹی مردان 400 کنال اراضی کی رقم کا چیک بنام وی سی زرعی یونیورسٹی تیارکرکے اجلاس میں آئے۔
دریں اثناء ازیں گورنرسے گرلز گائیڈ خیبرپختونخوا آرگنائزیشن سے 3 رکنی وفد نے بھی گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔وفد میں صدر گرلز گائیڈ خیبرپختونخوا فائزہ بابر، ریجنل کمشنر فرح طارق اور گائیڈ کمشنر زرغونہ سلمان شامل تھیں۔ وفد نے اپنی گرلزگائیڈکے پراجیکٹس سے متعلق گورنر کو آگاہ کیا اور وویمن امپاورمنٹ اور یوتھ کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اوراس ضمن میں گورنر سے تعاون کی درخواست کی۔گورنرنے اس موقع پر گرلز گائیڈکی جانب سے جاری پراجیکٹس کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کارکردگی اور اقدامات پر ادارے کوخراج تحسین پیش کیا اوراپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس کے علاوہ گورنرسے پاکستان ہندکووان تحریک کے 8 رکنی وفد نے چیرمین ڈاکٹر شریف یاسین اور صوبائی صدر اکبر سیٹھی ک قیاد ت میں گورنرہاؤس میں بھی ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر افتخار، احمر ضیاء گیلانی اور وقت لودھی اوردیگر شامل تھے۔ وفد نے درپیش مسائل سے کو آگاہ کیا جس پر گورنرنے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔#