
چیئرمین پی ٹی آئی نے سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی
چیئرمین پی ٹی آئی نے سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی
اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف اپیل دائر کردی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کردی۔عدالت سے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور مرکزی اپیل پر فیصلہ آنے تک سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کردی۔رجسٹرار آفس کے اپیل پر لگے اعتراضات دور ہونے کے بعد اپیل کو نمبر لگا دیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے وکلاء کے ذریعے دائر اپیل میں موقف اپنایا کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے،کالعدم قرار دیا جائے، مرکزی اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم جاری کیا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر نے اپیلیں دائر کیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرنے پر اپیل کو 273 نمبر الاٹ کر دیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کل اپیل مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔اپیل پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن ایکٹ میں اپیل کے ساتھ سزا معطلی دائر کرنے کا تصور نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے گرد گھیرا مزید تنگ، الیکشن کمیشن قانونی کارروائی کیلیے تیار
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دو ایکشن ہوں گے۔ پہلے انہیں این اے 45 کرم سے ڈی نوٹیفائی کیا جائے گا، اس کے بعد عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے متوقع اقدام کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی بھی کارروائی باقاعدہ مشاورت کے بعد ہوگی۔ یہ ایکشن چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی روشنی میں لیے جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں حاضری معافی کی درخواست منظور
لاہور(سی ایم لنکس) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں دائر حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 11 اگست تک توسیع کا حکم دے دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی، جس میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل آج دائر کر رہے ہیں، امید ہے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا ایک ہفتے تک معطل ہو جائے گی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جلد اپنی آزادی کو انجوائے کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی باقاعدگی کے ساتھ عدالت پیش ہوتے رہے ہیں۔فاضل جج نے کہا کہ آپ اپیل کی سماعت کے لیے مقرر ہونے اور سزا معطل ہونے پر اتنا پْرامید کیوں ہیں جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی آپ کی عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، حالات و واقعات ایسے ہیں وہ پیش نہیں ہوسکتے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ: چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو دی جانے والی سزا کے خلاف اپیل پر کل سماعت کرے گی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 2 رکنی بینچ چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل کی سماعت کرے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مرکزی اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم دیا جائے اور سزا کو کالعدم قرار دیا جائے۔