Chitral Times

Sep 21, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈیرہ اسماعیل خان اور دیر چترال موٹر وے نجی اشتراک سے مکمل کئے جائیں گے۔ وزیر مواصلات

Posted on
شیئر کریں:

ڈیرہ اسماعیل خان اور دیر چترال موٹر وے نجی اشتراک سے مکمل کئے جائیں گے۔ وزیر مواصلات
پختونخوا ریڈیو کی نشریات قابل تعریف ہیں۔ محمد علی شاہ

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ خان نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور دیر چترال موٹر وے صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں تاہم صوبے کے محدود وسائل کے پیش نظر مواصلات کے یہ دونوں اہم ترین منصوبے نجی اشتراک سے مکمل کئے جائیں گے جبکہ اس وقت ضم اضلاع سمیت صوبے میں شاہراہوں اور سرکاری عمارات کی تعمیر کی ساڑھے پانچ سو بڑی سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ انکشاف انہوں نے پختونخوا ریڈیو کے پروگرام پختونخوا آن لائن میں میزبان ڈاکٹر اباسین یوسفزئی کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات نے بتایا کہ صوبے میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ بونیر ٹنل کی تعمیر کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ تمام دور افتادہ اضلاع کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے اور سفر و سیاحت کو آسان بنایا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کافی مالی مشکلات کے باوجود موجودہ صوبائی حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے اور کوئی قرضے بھی نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات کا ای ٹنڈرنگ اور ای بڈنگ نظام شفافیت کی طرف ایک اہم قدم ہے اور اس عمل کو مزید شفاف بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ شفافیت اور منصوبوں کی معیاری و بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے کنسلٹنٹ کا طریقہ کار ختم کرکے سی اینڈ ڈبلیو انجینئرز کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے گا اور اسکی بدولت سنٹرل ڈیزائن کا شعبہ دوبارہ فعال بن جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد اور دیگر شہروں میں سی اینڈ ڈبلیو کی قیمتی آراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرائیں گے۔

وزیر مواصلات کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے سوات موٹروے فیز ٹو پر چکدرہ سے 17 کلو میٹر تک تعمیر کے بعد موٹر وے کی دریائے سوات کے کنارے تعمیر کا پلان بنایا ہے تاکہ ایک طرف لوگوں کی زرعی زمینوں کو بچایا جا سکے تو دوسری طرف دریا کے کٹاؤ اور سیلاب کی تباہ کاریوں کو بھی روکا جائے۔ سوات سے ایک شہری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کانجو، خوازہ خیلہ بائی پاس اور پشاور پشتخرہ روڈ سمیت کئی رابطہ سڑکوں پر کام فنڈز کی کمی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا تاہم آئندہ کیلئے یہ حکمت عملی اپنائی گئی ہے کہ صرف اس منصوبے پر کام شروع ہو جس کیلئے فنڈز دستیاب ہوں تاکہ اسکی بروقت تکمیل یقینی بنے اور عوام کو تکالیف سے بچایا جائے۔ محمد علی شاہ خان نے پختونخوا ریڈیو کی نشریات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پورے صوبے کی آواز ہے اور صوبائی حکومت اسے مزید فعال بنائے گی جبکہ وہ کابینہ میں اسکی وکالت کریں گے۔ پختونخوا ریڈیو کے پروگرام میں شرکت ان کیلئے باعث فخر ہے۔ صوبائی وزیر مواصلات نے پختونخوا کے عوام کو باہمی انتشار سے بچنے اور اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امن، محبت، برداشت اور اخلاص کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی اور سیاسی کیرئیر کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے دور طالبعلمی سے سیاست کا آغاز کیا۔. 2005 کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور نائب ناظم منتخب ہوئے۔ پھر 2015ء میں ضلع ناظم کی سیٹ پر انتخابات میں حصہ لیا اور ضلع ناظم منتخب ہوئے اور اس کے ساتھ سوات کے عوام کی خدمت کا مشن بھی جاری رکھا۔


شیئر کریں: