
لوئر و اپر چترال کے لیے 20، 20 ملین جبکہ شانگلہ اور بنوں کے لیے 10، 10 ملین روپے کی گرانٹ جاری-نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز شاہ جمال شاہ
لوئر و اپر چترال کے لیے 20، 20 ملین جبکہ شانگلہ اور بنوں کے لیے 10، 10 ملین روپے کی گرانٹ جاری-نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز شاہ جمال شاہ
پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ انشاء اللہ امن اور بھائی چارے کے ساتھ گزرے گا۔ اس بابرکت مہینے میں کسی بھی قسم کی شرانگیزی اور انتشار کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صوبے کے چودہ اضلاع میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کا انعقاد کیا جاتا ہے جن کی سیکورٹی کے لیے 8 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ سیلاب سے زیادہ متاثرہ اضلاع اپر و لوئر چترال میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے فوری طور پر 6 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار پشاور پریس کلب میں منعقدہ اتحاد بین المسلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بیرسٹر فیروز جمال کاکاخیل نے حالیہ دنوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے جانی و مالی نقصانات کے حوالے سے بتایا کہ اب تک سیلاب کی وجہ سے اپر و لوئر چترال میں 11 افراد جا ں بحق ہوئے ہیں جن میں 8 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہے جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 18 گھر مکمل جبکہ 104 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ 48 جانور بھی سیلابی پانی میں بہہ گئے ہیں۔ صوبائی حکومت متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے گزشتہ روز نگران وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر چترال کا دورہ کیا اور وہاں جاری ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چترال کی مرکزی شاہراہوں کو 24 گھنٹے آپریشن جاری رکھ کر بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی حکومت نے نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی ہدایت پر فوری طور پر متاثرہ اضلاع کے لیے 60 ملین روپے کی گرانٹ جاری کی ہے۔ جس میں سے لوئر و اپر چترال کے لیے 20، 20 ملین جبکہ شانگلہ اور بنوں کے لیے 10، 10 ملین روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے