Chitral Times

Sep 22, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکرٹری کی ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت

شیئر کریں:

چیف سیکرٹری کی ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ہدایت
انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری۔
چئیرمین تحصیل کونسل حویلیاں ایبٹ آباد، تحصیل کونسل متھرا پشاور کے لئے ضمنی انتخابات 6 اگست کو ہونگے۔

چترال ( چترال ٹایمز رپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت صوبے میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس پیر کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں چئیرمین تحصیل کونسل حویلیاں، ایبٹ آباد اور تحصیل کونسل متھرا، پشاور کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 6 اگست کو ہوگی۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر، سیکرٹری داخلہ، کمشنر پشاور اور ہزارہ، اے آئی جی پولیس، سی سی پی او پشاور، آر پی او ہزارہ، ڈپٹی کمشنر پشاور اور ایبٹ آباد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے تحصیل حویلیاں میں 134 پولنگ اسٹیشن اور تحصیل متھرا میں 155 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں حویلیاں میں کل ووٹرز کی تعداد 165,800 جبکہ تحصیل متھرا میں کل ووٹرز کی تعداد 216،769 ہے۔اجلاس میں الیکشن کیلئے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے بھرپور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔


شیئر کریں: