
حالیہ سیلاب کے بعد چترال سکاؤٹس، الخدمت فاؤنڈیشن کے جوان اور آکاہ کے رضاکار پیش پیش
حالیہ سیلاب کے بعد چترال سکاؤٹس، الخدمت فاؤنڈیشن کے جوان اور آکاہ کے رضاکار پیش پیش
چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز ) حالیہ بارشوں کے بعد پورے چترال میں سیلاب کی وجہ سے بے انتہا مالی و جانی نقصانات ہوئے ہیں. سیلاب کی وجہ سے پورے چترال میں ایمرجنسی جیسی صورت حال ہے. چترال میں نیردیت گول کے مقام پر لوئر چترال کا اپر چترال سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے. حالیہ اطلاعات کے مطابق دریا مستوج میں طغیانی کی وجہ سے پل کو نقصان پہنچ کر اس میں دس فٹ کا شگاف پیدا ہو گیا ہے. نیز ہر جگہ ایک نئی آفت کے آنے کا انتظار ہو.
اس وقت چترال میں الخدمت فاونڈیشن کے نوجوان چترالیوں کے لئے کسی رحمت کے فرشتے سے کم نہیں. یہ نوجوان بغیر کسی معاوضے کے نیردیت گول کے مقام پر مسافروں کے لئے راہیں ہموار کر رہے ہیں. اپنی بساط سے بڑھ کر لوگوں کے لئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کرنے میں ان کا کوئی ثانی نہیں. اس کے علاوہ یہ فرشتہ صفت نوجوان مختلف جگہوں میں سیلاب سے متاثرہ گھروں اور افراد کے لئے راشن اور ان کو محفوظ مقامات میں منتقل کرنے میں مصروف عمل ہیں. چاہے سیلاب ہو یا کوئی اور آفت, یا پھر یتیموں کی کفالت, اس ادارے سے منسلک رضاکار چترالیوں کے لئے کسی رحمت سے کم نہیں.
اپر چترال میں مستوج کے مقام پر چترال سکاوٹس کے نوجوان عوام کی خدمت میں مصروف ہیں. 144 ونگ کے کمانڈر, کرنل نور الہی, کی ہدایات پر چترال سکاوٹس کے جوان مستوج پاور ہاوس کی بحالی میں مصروف ہیں. پل پر موجود سپاہیوں کی بروقت کاروائی سے دریا برد ہونے والے موٹر سائیکل سواروں میں سے ایک کو بچایا گیا. یہ نوجوان پل پر سے تیزی سے گزرتے ہوئے اپنی غفلت کی وجہ سے اس شگاف میں گر گئے تھے.
حالیہ اطلاعات کے مطابق چترال سکاوٹس کے جوانوں نے مستوج پاور ہاوس کو بحال کر دیا ہے. جوانوں کی بھاری نفری پل کی مرمت میں لگے ہوئے ہیں اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ رات 12 بجے تک مستوج پل کو بھی ٹریفک کے لئے بحال کیا جائے گا. اس کے علاوہ پاسوم گول کے مقام پر بھی چترال سکاوٹس کے جوان روڈ کی بحالی میں لگے ہوئے ہیں جو کہ پاسوم گول میں سیلاب آنے کی وجہ سے بند ہوا ہے.
آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹیٹ کی کاوشوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے. یہ ادارہ اچھی صحت اور بہترین معیار زندگی فراہم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے. سیلاب ہو یا زلزلہ یا پھر کوئی اور آفت, یہ ادارہ بھی الخدمت کی طرح چترالیوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں.۔ دریں اثنا ضلعی انتظامیہ اپر اور لویر چترال کے ساتھ مقامی پولیس بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ پی ڈی ایم اے کی طرف سے ملنے والے سامان متاثرین تک پہنچارہے ہیں۔
اس وقت اہم بات یہ ہے کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ معاشی, نفسیاتی اور اخلاقی تعاون کریں تاکہ ان اداروں سے منسلک لوگ جذبہ اور احسن طریقے سے اپنا کام کرسکیں. ان اداروں سے منسلک نوجوان ہمارے بھائی اور بیٹے ہیں. یہ جوان اپنے بہن, بھائیوں کی خدمت میں مصروف ہیں جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے. ان نوجوانوں کے ساتھ اگر ہم معاشی تعاون نہیں کر سکتے تو کم از کم تنقید سے پرہیز کریں. یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان کی تعریف کریں تاکہ وہ مزید جوش و جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کر سکیں.