
بارشوں کا حالیہ سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہے گا، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات کی این ای او سی اجلاس میں بریفنگ
بارشوں کا حالیہ سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہے گا، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات کی این ای او سی اجلاس میں بریفنگ
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہے گا جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔بدھ کو نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کے ایک خصوصی اجلاس میں محکمہ موسمیات کے حکام نے 19 تا 24 جولائی ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی۔اجلاس کی صدارت ممبر آپریشن این ڈی ایم اے نے کی جبکہ پاکستان کی مسلح افواج، محکمہ موسمیات، فلڈ فورکاسٹنگ ڈویڑن پی ایم ڈی، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز،جی بی ڈی ایم اے، ایس ڈی ایم اے، ڈیم اتھارٹیز، تمام صوبائی محکمہ ایریگیشن، اسلام آباد ایڈمنسٹریشن، سپارکو اور ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ محکموں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں تمام محکموں نے بارشوں کے حالیہ سلسلہ کے دوران مختلف علاقوں میں اس کے ممکنہ اثرات اور ریسکیو کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔پنجاب ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران پانی کا تیز بہاؤ شاہدرہ کی نشیبی آبادیوں میں سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔ ممبر آپریشنز نے ہدایت کی کہ متعلقہ پنجاب انتظامیہ علاقہ مکینوں کو بروقت آگاہی دیتے ہوئے انخلا کا عمل شروع کرے۔ڈی ایم اے پنجاب اور ریسکیو سروسز ایمرجنسی عملہ و مشینری بشمول ڈی واٹرنگ پمپس کے ہمراہ متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ پر رہیں۔ ڈیم اتھارٹیز نے بتایا کہ منگلا، تربیلا و سملی ڈیم میں پانی کا بہاؤ فی الحال نارمل ہے۔جی بی ڈی ایم اے اور ایسں ڈی ایم اے کے نمائندوں نے بتایا کہ بارشوں کے دوران تمام راستے کلئیر کرنے کے لئے مشینری و عملہ مختلف جگہوں پر موجود اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیارہے۔ممبر آپریشنز نے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور سیاحوں و مسافروں کو بروقت معلومات فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں۔