Chitral Times

Sep 27, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملزم کی اجازت کے بغیر فون ڈیٹا نکلوانا آئین کے آرٹیکل 13 کیخلاف ہے: لاہور ہائیکورٹ

Posted on
شیئر کریں:

ملزم کی اجازت کے بغیر فون ڈیٹا نکلوانا آئین کے آرٹیکل 13 کیخلاف ہے: لاہور ہائیکورٹ

لاہور(چترال ٹایمزرپورٹ) لاہور ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ ملزم یا مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر فون ڈیٹا نکلوانا آئین کے آرٹیکل 13 کے خلاف ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں دہشت گرد تنظیم سے تعلق کے الزام میں ملزم کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس امجد رفیق نے درخواست کی سماعت کی۔عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم یا مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر فون ڈیٹا نکلوانا آرٹیکل 13 کے خلاف ہے، ذاتی فون کا ڈیٹا لینا اچھی روایت نہیں، یہ پرائیویسی کے حقوق کے خلاف ہے، ملزم راضی نہ ہو تو مجسٹریٹ سے فون ریکارڈ لینے کے لیے اجازت طلب کرنی چاہیے۔عدالت نے شک کا فائدہ دے کر ملزم رحمت اللہ کو بری کرنے کا فیصلہ سنا دیا، ملزم کو انسداد دہشت گردی عدالت نے مجموعی طور پر 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ایک اور فیصلے میں اسی بنچ نے شہری کا نام انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت فورتھ شیڈول میں ڈالنے کا اقدام کالعدم قرار دے دیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ کسی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنے کے لیے سخت طریقہ کار اپنایا جائے، ایسی پابندیاں لگنے کے بعد انسان اپنی زندگی باعزت طریقے سے نہیں گزار پاتا، فورتھ شیڈول میں شامل شخص کو اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کا بانڈ بھرنا پڑتا ہے، فورتھ شیڈول میں شامل شخص کو حکومت جب چاہے گرفتار کر سکتی ہے۔عدالت کا کہنا تھا کہ قصہ مختصر فورتھ شیڈول میں شامل شخص کا زندگی گزارنا مشکل ہو جاتا ہے، ایسے افراد کے خلاف معلومات عموماً ایس ایم ایس یا واٹس ایپ میسیج سے لی جاتی ہیں۔لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ فورتھ شیڈول میں کسی شہری کا نام ڈالنے سے پہلے ایک سے زائد فورمز سے معلومات لی جائیں۔

نواز شریف اور فضل الرحمان کے درمیان رابطہ، نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت

اسلام آباد(سی ایم لنکس) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان نگران سیٹ اَپ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ن لیگی ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان نگران وزیراعظم کے ناموں کے لیے مشاورت ابھی جاری ہے۔ ن لیگ کے قائد نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لے کر چلیں گے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل دبئی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت کے درمیان ملاقاتوں اور فیصلوں کے حوالے سے خبریں سامنے آئیں تھیں جس پر فضل الرحمان نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں شریک کیے بغیر فیصلے کیے جارہے ہیں، پی ڈی ایم بے خبر ہے، انہوں ں ے اظہار ناراضی بھی کیا تھا جس پر نواز شریف نے ان سے رابطہ کرکے ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی ہے۔

 

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سرکاری دورے پر ایران آمد

تہران(چترال ٹایمزرپورٹ)پاکستانی فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں وہ ایرانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر دو روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچے ہیں، جہاں وہ ایرانی سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ امور، دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوگی۔گذشتہ روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریڑن کا دورہ کیا تھا، جہاں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی عیادت کی تھی۔اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے محفوظ ٹھکانے موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت دوحا معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے، توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔

افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق نہیں ادا کررہا، خواجہ آصف

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان ہمسایہ اور برادر ملک ہونے کا حق ادا نہیں کر رہا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی مسلح افواج نے افغانستان میں ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہوں اور پاکستان میں آزادانہ کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور ساتھ ہی متنبہ کیا تھا کہ اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی جائے گی۔اسی حوالے سے آج وزیر دفاع نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان دوحا معاہدے کی پاسداری بھی نہیں کر رہا۔وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ 50،60 لاکھ افغانوں کو حقوق کے ساتھ پاکستان میں 40،50 سال سے پناہ میسر ہے جبکہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو افغان سر زمین پر پناہ گاہیں میسر ہیں۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یہ صورتحال مزید جاری نہیں رہ سکتی، پاکستان اپنی سرزمین اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائے گا۔

 


شیئر کریں: