Chitral Times

Sep 22, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی پشاور سینٹر کی علاقائی نشریات 24 گھنٹے جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

شیئر کریں:

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی پشاور سینٹر کی علاقائی نشریات 24 گھنٹے جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد( چترال ٹایمزرپورٹ )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی پشاور سینٹر کی علاقائی نشریات ہفتہ کے 7روز 24 گھنٹے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی وی پشاور سینٹر کی علاقائی نشریات خیبر پختونخوا کی تمام علاقائی زبانوں میں دستیاب ہے، یہ نشریات سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سیٹلائٹ کے ذریعے قابل رسائی ہے۔بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ اقدام پی ٹی وی نیشنل کے قیام کے بعد خیبر پختونخوا کے عوام کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل ہے۔ اس نشریات سے مقامی مسائل کے حل اور خیبر پختونخوا کی متحرک ثقافت اور ورثہ کو فروغ دینے کے لئے معلومات، تعلیم اور انفوٹینمنٹ کانٹینٹ کے لئے ایک پلیٹ فارم دستیاب ہوگا۔ اس سے مقامی میڈیا ایکو سسٹم کی تیاری میں بھی مدد ملے گی جو مقامی کمیونٹیز کے مفادات کے لئے بہتر طریقے سے خدمات انجام دے گا۔

 

آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری اور سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے کے بعد معاشی استحکام کی توقع ہے،سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری اور سعودی عرب کی جانب سے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرانے کے بعد معاشی استحکام کی توقع ہے، تحریک انصاف کی سابق حکومت نے پاکستان کے لئے جو معاشی دلدل پیدا کی تھی اس سے ہم آہستہ آہستہ نکل رہے ہیں۔بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کی بھرپور کوشش کی، یہ نئی حکومت کیلئے ورثے میں ریکارڈ قرضاجات اور عوام کیلئے شدید معاشی بحران چھوڑ کر گئے تھے۔ تحریک انصاف نے حکومت میں رہتے ہوئے آئی ایم ایف کے معاہدے کی خلاف ورزی کی تاکہ اتحادی حکومت کو معاشی عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاڑ کرنے کیلئے ہر ممکن پروپیگنڈا کیا اور خط لکھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے ملکی معیشت کو جس نہج پر پہنچایا تھا اس سے نکلنے میں ابھی بہت وقت لگے گا۔


شیئر کریں: