
ایس ایس جی کمانڈو بریگیڈئیر فیصل قیوم اور کمانڈو اسداللہ کا شندور فیسٹول میں فری فال کا شاندار مظاہرہ، حاضرین و پولو شائقین کی طرف سے دادو تحسین
ایس ایس جی کمانڈو بریگیڈئیر فیصل قیوم اور کمانڈو اسداللہ کا شندور فیسٹول میں فری فال کا شاندار مظاہرہ، حاضرین و پولو شائقین کی طرف سے دادو تحسین
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) شندور پولو فیسٹول کے موقع پرشندور کے بلند و بالا پہاڑوں کے خوبصورت مناظر اور مختلف کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ پاک آرمی کے جوانوں کی طرف سے فری فال جمپ کا مظاہرہ قابل دید تھا ۔ چترال کے معروف ڈاکٹر فضل قیوم کے فرزند ایس ایس جی کمانڈو بریگیڈئیر فیصل قیوم کی قیادت میں دیگر جوانوں کے ساتھ ایس ایس جی کمانڈو اسداللہ نے شاندار فری فال کا مظاہرہ کیا۔ اور حاضرین سے داد و تحسین سمیٹ لیں ۔ اسد اللہ نے گذشتہ سال بھی فری فال میں حصہ لے کر اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا ۔ جن کاتعلق بمبوریت کے مقام وادوس سے ہے ۔ اور حاجی سید احمد کے فرزندہیں۔ شندور کا وسیع میدان پیراگلائیڈنگ اور فری فال جمپنگ کیلئے بہتر ین مقام تصور کیا جاتا ہے ۔ اور سالانہ شندور فیسٹول کے موقع پر آرمی کے آفیسرز، جوان اور مقامی پیراگائیڈرز اپنے فن کا مظاہرہ کر تے ہیں ۔ تاہم فری فال اور پیراگلائڈنگ میں زمین اور آسمان کا فرق ہے ۔ کیونکہ پیرا گلائیڈرز زمین پر اپنا پیرا شوٹ تیار کرکے فلائی کرتے ہیں ۔ جبکہ فری فال جہاز یا ہیلی کاپٹر سے کی جاتی ہے ۔ جس میں پائلٹ کوجمپ لگانے کے بعد انتہائی حاضر دماغی سے اپنا پیراشوٹ کھولنا پڑتاہے ۔ شندور میں پیراگلائیڈنگ اور فری فال فیسٹول کی رنگینیوں میں ایک بڑا اضافہ ہے ۔ اس فن کے مظاہرے سے جہاں تفریح میں مزید خوبصورتی پیدا ہوتی ہے ۔ وہاں چترال سے تعلق رکھنے والے آرمی کے کمانڈو آفیسرز اور جوانوں کی شرکت سے سر فخر سے بلند ہوتا ہے ۔ اور بے ساختہ داد دینے کو جی چاہتا ہے ۔