
ڈاکٹروں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے اپنے اندر انسانیت کی خدمت کاجذبہ ہمیشہ زندہ رکھناچاہئیے، گورنر حاجی غلام علی
ڈاکٹروں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے اپنے اندر انسانیت کی خدمت کاجذبہ ہمیشہ زندہ رکھناچاہئیے، گورنر حاجی غلام علی
گورنر سے رحمان کالج آف ڈینٹسٹری پشاورکے پرنسپل ڈاکٹر غلام رسول کی قیادت میں کمیونٹی ویلفیئر سوسائٹی کے 22 رکنی وفد کی ملاقات، سوسائٹی کی طرف سے دی جانیوالی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا
گورنرسے پشتو کے نامورشاعر وادیب سیدصابرشاہ صابر کی قیادت میں 5 رکنی وفدکی بھی ملاقات، پشتو ادب اور پشتو زبان کے فروغ سے متعلق امورپرتبادلہ خیال
پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہاہے کہ اسلام میں انسانیت کی خدمت کوعظیم عبادت کادرجہ دیاگیاہے، دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کی دل سے قدر کرتاہوں، طب ایک مقدس پیشہ ہے اور ڈاکٹروں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے اپنے اندر انسانیت کی خدمت کاجذبہ ہمیشہ زندہ رکھناچاہئیے۔دکھی انسانیت کی خدمت کی نیت سے فرائض کی ادائیگی دنیاوآخرت میں کامیابی کی کنجی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے رحمان کالج آف ڈینٹسٹری پشاورکے پرنسپل ڈاکٹر غلام رسول کی قیادت میں کمیونٹی ویلفیئر سوسائٹی کے 22 رکنی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ڈاکٹرثناء کرامت، ڈاکٹرکنول نذیراعوان، ڈاکٹرسمیع صالح خان، ڈاکٹرعثمان سمیت رحمان کالج آف ڈینٹسٹری کے طلباء وطالبات بھی شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو کمیونٹی ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے دی جانیوالی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے بتایاکہ ان کی سوسائٹی موبائل ہیلتھ یونٹس بنائے ہیں جن کے ذریعے وہ پسماندہ علاقوں میں دانتوں کے مفت علاج کیلئے کیمپس لگاتے ہیں جس میں نادار اورمستحق افراد کا مفت علاج کیاجاتاہے۔ وفد نے گورنرسے دوردراز اضلاع میں کیمپس لگانے کیلئے حکومتی تعاون کی درخواست کی تاکہ مزید بہترانداز سے انسانیت کی خدمت جاری رکھ سکیں جس پر گورنر نے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفد نے کمیونٹی ویلفیئرسوسائٹی میں شامل طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کرنے اور فری ڈینٹل کیمپس کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوری طور پر احکامات جاری کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی انسان دوستی اور جذبہ خدمت انسانیت پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے رحمان کالج آف ڈینٹسٹری کی کمیونٹی ویلفیئرسوسائٹی کے جذبہ اور کارخیرکو سراہا اورکہاکہ حکومت صوبے میں بہترین طبی سہولیات،خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کارلارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کی دیگر پسماندہ علاقوں کی طرح ضم اضلاع میں بھی فری ڈینٹل کیمپس لگائے جائیں، تاکہ وہاں کے غریب عوام کی خدمت کریں، اس کارخیر کیلئے آپ کی سوسائٹی سے ہرقسم کی تعاون کروں گا۔اسی طرح دیگر طبی اداروں اور نجی ہسپتالوں کو بھی صوبہ بھر کے غریب عوام کیلئے فری میڈیکل کیمپس لگانے چاہئیے تاکہ دکھی انسانیت کے جذبہ سے ہرعلاقے کے عوام کوفائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہاکہ مادہ پرستی کے دور میں دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار سمجھنے والے افراد وادارے معاشرے میں باوقار مقام رکھتے ہیں، معاشرے کوایسے افراد کی ضرورت ہے جو بغیر کسی لالچ کے دکھی انسانیت کی خدمت کو اپناشعار سمجھتے ہیں،دنیا وآخرت کی کامیابی کے علاوہ معاشرے میں ان کا نام بھی ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔
علاوہ ازیں گورنرسے پشتو کے نامورشاعر وادیب سیدصابرشاہ صابر کی قیادت میں 5 رکنی وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد میں ملک رضوان اللہ، الہام شاہ، ملک عمران اللہ، عباس شاہ عابد اورایمل صابرشاہ شامل تھے۔ سابق صوبائی وزیر مولاناامان اللہ حقانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیدصابرشاہ نے گورنر سے پشتو ادب اور پشتو زبان کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سید صابرشاہ نے گورنر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے گورنرہاؤس کوصوبے کے عوام کیلئے کھول دیاہے جس سے ہرمکتبہ فکر کے لوگ بہ آسانی آپ سے مل رہے ہیں۔ یہاں تک کہ 2 ہزار سے زیادہ معذور اورخصوصی بچوں کو بھی مدعو کرکے ان کی مہمان نوازی کی۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر دو دن ہزاروں لوگوں سے ملیں، تیسرا دن فیملی کیلئے مختص کیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ صوبے کے شعراء کو بھی گورنرہاؤس مدعو کرکے ایک مشاعرہ منعقد کیاجائے جس سے نہ صرف پشتو زبان کوترویج ملے گی بلکہ صوبے کے شعراء کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔ گورنر نے ان کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ شعراء اورادباء کاطبقہ بھی اس معاشرے کا اہم حصہ ہے اور بہت جلد آپ کو بھی دعوت دی جائیگی۔ انہوں نے اس موقع پر گورنر کو اپنی کتابیں بھی پیش کیں جبکہ گورنرنے سید صابرشاہ صابرکو اُن کی ادبی خدمات پرتعریفی شیلڈ پیش کی۔#