Chitral Times

Sep 22, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایک سال کی مدت میں وزارت مواصلات کی رینکنگ 80 سے 54 نمبر پر آ گئی ہے، مولانا اسعد محمود

شیئر کریں:

 

ایک سال کی مدت میں وزارت مواصلات کی رینکنگ 80 سے 54 نمبر پر آ گئی ہے،وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ ایک سال کی مدت میں وزارت مواصلات کی رینکنگ 80 سے 54 نمبر پر آ گئی ہے جو ہماری کارکردگی کا ثبوت ہے۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع سے 10 برسوں میں فنڈز کی فراہمی اور پانچ سال ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی تاکہ انضمام کے بعد ان علاقوں کو سہولیات دی جائیں، سینیٹ نے سابق فاٹا میں ٹیکسوں میں مزید پانچ سال کی چھوٹ دی ہے۔ہم نے کابینہ میں وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا تھا کہ صنعتوں کو ایک سال کی چھوٹ دی جائے، جب تک فنڈز کے حوالے سے اپنے وعدے پورے نہیں ہوتے اس وقت تک سابق فاٹا میں چھوٹ اور رعایتی برقرار رکھی جائے، پارلیمان کو فیصلہ کرناہے کہ وہ سابق فاٹا کے لوگوں کو مشکل حالات میں کیا سہولیات دیتی ہے، فاٹا کے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ کل میری وزارت کے حوالے سے ایک رکن نے بات کی ہے، کراچی میں ایک لاکھ نفوس پر ایک پوسٹ مین تعینات ہے، ریکروٹمنٹ کے حوالہ سے پالیسی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تحریک استحقاق پر کمیٹی کام کر رہی ہے، کمیٹی کی رپورٹ کو ایوان میں پیش کرنا چاہیے، انتظامی امور میں کسی کو رعایت نہیں ملنی چاہیے، پوسٹل سروس اور دیگر وزارتوں کی بھرتی کا طریقہ کار ہوتا ہے، اگر طریقہ کار کی پیروی ثابت نہیں ہوتی تو میں وزارت سے استعفیٰ دیدوں گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات کی رینکنگ ایک سال کی مدت میں 80 سے 54 نمبر پر آ گئی ہے، حیدر آباد، سکھر موٹروے کا افتتاح کر دیا گیا ہے، کراچی سے لاہور تک جی ٹی روڈ پر تعمیر و مرمت کا کام بھی شروع ہو چکا ہے، ایک سال کے اندر دو ہزار کے قریب کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کر دیا گیا ہے، ہم اس وزارت کو امانت سمجھتے ہیں۔

 

وفاقی کابینہ نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دیدی،مرتضی جاوید عباسی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(ہیسکو)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دے دی ہے، ہزارہ ڈویڑن کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،ہیسکو جلد فعال ہوگا۔اتورا کو اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ ہزارہ الیکڑک سپلائی کمپنی اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے قیام کی منظوری دینے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قائد محمد نواز شریف کے مشکور و ممنون ہیں۔انہوں نیکہا کہ جو لوگ ہزارہ کی عوام کے حقوق میں رکاوٹیں ڈالتے تھے، آج ان کی شکست کا دن ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) ہزارہ کی ترقی کی ضامن ہے۔ انہوں نیکہا کہ ہیسکو ہزارہ کی عوام کی ترقی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے،ہزارہ کی عوام سے ان کے حقوق کوئی نہیں چھین سکتا۔


شیئر کریں: