Chitral Times

May 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیر اعلیٰ کے زیرصدارت اگلے مالی سال کے ابتدائی چارمہینوں کے اخراجات کو حتمی شکل دینے سے متعلق اجلاس، غیر ضروری اخراجات کو ختم کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کو بھی حتمی شکل دی گئی

Posted on
شیئر کریں:

نگران وزیر اعلیٰ کے زیرصدارت اگلے مالی سال کے ابتدائی چارمہینوں کے اخراجات کو حتمی شکل دینے سے متعلق اجلاس، غیر ضروری اخراجات کو ختم کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کو بھی حتمی شکل دی گئی

پشاور (نمائندہ چترال ٹایمز ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیرصدارت اگلے مالی سال کے ابتدائی چارمہینوں کے اخراجات کو حتمی شکل دینے سے متعلق ایک اجلاس اتوار کے روز وزیراعلیٰ ہاوس میں منعقد ہوا جس میںنگران کابینہ اراکین حامد شاہ اور حمایت اﷲ خان کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زبیر اصغر قریشی، سیکرٹری خزانہ ایاز خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس کو اگلے مالی سال کے پہلے چار مہینوں کے مجوزہ کرنٹ اورڈویلپمنٹ اخراجات سے متعلق تفصیلی بریفینگ دی گئی۔اجلاس میں نگران کابینہ کی منظوری کیلئے ان اخراجات سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دی گئی ۔

نگران کابینہ کی منطوری کیلئے کفایت شعاری کو فروغ دینے اور غیر ضروری اخراجات کو ختم کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے ۔ غیر ضروری اخراجات کو ختم کرنے اور صوبائی حکومت کی آمدن میں اضافے کیلئے قلیل المدتی اور طویل المدتی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ۔نئے مالی سال کے پہلے چار مہینوں کے دوران کرنٹ اور ڈویلپمنٹ اخراجات سے متعلق ان تجاویز کی منظوری کیلئے 20 جون کو نگران کابینہ کاا جلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انتہائی نامساعد حالات میں اگلے مالی سال کے چار مہینوں کیلئے اخراجات سے متعلق تجاویز تیار کی گئی ہیں ، نگران حکومت گزشتہ چار ماہ سے وفاق سے صوبے کے آئینی حقوق کے حصول کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ نگران صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کیلئے آمدن اور اخراجات میں توازن قائم کرنے کی بھر پور کوشش کرے گی ۔ وزیراعلیٰ نے دستیاب وسائل کے دانشمندانہ اور موثر استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کواس سلسلے میں اپنے اپنے محکموں میں ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔

دریں اثنا نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے بنوں ڈویژن کے مختلف مقامات پر طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ نگران وزیر اعلی نے ان واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ درایں اثناء وزیر اعلی نے متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو متاثرہ مقامات پر فوری ریسکیو کاروائیاں شروع کرنے، متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے جبکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، ان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75805