Chitral Times

Dec 3, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پیپلز پارٹی نے بجٹ کیلئے ووٹ نہ دینے کی دھمکی دیدی، بلاول بھٹو کا الیکشن کرانے کا مطالبہ

Posted on
شیئر کریں:

پیپلز پارٹی نے بجٹ کیلئے ووٹ نہ دینے کی دھمکی دیدی، بلاول بھٹو کا الیکشن کرانے کا مطالبہ

سوات( چترال ٹایمز رپورٹ )وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بجٹ پر تحفظات ہیں۔ الیکشن کیلئے تیار ہیں اتحادیوں (شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن) کو بھی کہوں گا کہ الیکشن کی تیاری کریں اور بروقت الیکشن کرائیں۔ اگر ن لیگ چاہتی ہے کہ پیپلز پارٹی بجٹ پر ووٹ دے تو ہمارے تحفظات دور کرے۔ سوات میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ اگر بجٹ کے لیے ووٹ چاہیے تو سیلاب زدگان کے لیے فنڈز رکھنا ہوں گے۔ بجٹ میں ہماری تجاویز پر عمل نہیں کیا گیا۔وزیر اعظم کو ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم کی ٹیم میں موجود لوگ وزیر اعظم کی طرف سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کر رہے۔ وزیر اعظم سے درخواست ہے کہ سیلاب متاثرین سے کیے وعدے کیے وہ پورے کریں۔ ہم نہیں چاہتے کہ وزیر اعظم کچھ اور کہیں اور بجٹ میں کچھ اور ہو۔ ہمارے مسائل حل ہوں گے تو ہم آگے بڑھیں گے۔ انہوں ں ے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی نیت پر کوئی شک نہیں۔ وزیر اعظم نے اپنی آنکھوں سے سیلاب زدگان کی تباہی دیکھی۔ امید ہے بجٹ پر اسحاق ڈار ہمارے تحفظات دور کریں گے۔ اتحادی ہمت پکڑیں اور الیکشن میں آئیں۔بجٹ میں پیپلز پارٹی کا ان پٹ بہت کم تھا۔ وزیر اعظم کو ان کی ٹیم درست معلومات نہیں دیتی۔بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ بطور نوجوان وزیر خارجہ کام کرکے دکھایا۔ جس طرح میئر کراچی کا انتخاب پیپلز پارٹی نے جیتا ہے بالکل اسی طرح پورے ملک میں الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔

 

یونان – لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر گرفتار

کراچی( چترال ٹایمزرپورٹ) لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر کو کراچی ائیر پورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے متعدد افراد کو غیر قانونی طریقے سے لیبیا بھجوایا تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم بین الاقوامی پرواز سے ا?ذر بائیجان فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ ملزم گزشتہ کئی ماہ سے روپوش تھا اور اس کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو ایف ا?ئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کے حوالے کردیا گیا۔

یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 50 سے زائد پاکستانی نوجوان شامل

اسلام آباد(سی ایم لنکس) یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی کے زندہ بچ جانے والوں میں بارہ پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فی الوقت ہم جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت، لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطہ ہے. ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے. شناخت کا یہ عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے انجام پائے گا.انہوں نے کہا کہ بدقسمت کشتی پر سوار ممکنہ مسافروں کے اہل خانہ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ تصدیق کے مقاصد کے لیے یونان میں ہمارے مشن سے 24/7 ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں. اہل خانہ تصدیق شدہ لیبارٹریوں سے ڈی این اے رپورٹس اور مسافر کی شناختی دستاویزات info@pakistanembassy.gr پر شیئر کریں۔دوسری جانب کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثہ میں کوٹلی کے مختلف علاقوں کے پچاس کے قریب نوجوان شامل ہیں، کوٹلی ڈیڈ باڈیز کی شناخت کا عمل جاری ہے وزارت خارجہ اور حکومت پاکستان سے رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوٹلی متاثرہ فیملیز سے رابطے کر رہے ہیں ابھی فیملیز کو بھی اپنے بچوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں، حادثہ کا شکار نوجوان تین چار ماہ پہلے اپنے گھروں سے بیرون ملک گئے، کوٹلی حادثہ کا شکار نوجوان پاکستان سے لیگل ویزہ پر لیبیا تک جاتے ہیں اور وہاں سے غیرقانونی طریقہ اختیار کر کے یورپ جاتے ہیں۔ادھر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے علاقہ کشمیر کالونی کے تین دوست بھی شامل ہیں۔ امجد،جلال اور حبیب آٹھ ماہ قبل لیبیا گئے تھے کشتی حادثے کی خبر سے تینوں گھرانے غم سے نڈھال ہیں امجد بیگ کے بھائی نے بتایا کہ تینوں دوست 9جون کو اٹلی کے لیے نکلے تھے، امجد نے آخری کال پر والدہ سے دعا کی درخواست کی تھی۔


شیئر کریں: