
خیبر پختونخوا میں عملی اقدامات سے پاک چین دوستی کی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں ، سرتاج احمد خان
خیبر پختونخوا میں عملی اقدامات سے پاک چین دوستی کی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں ، سرتاج احمد خان
رشکئی سپیشل اکنامک زون میں چائنہ اپنے خیبر پختونخوا کے بھائیوں کے لیے وسیع تر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھرپور تعاون کریگا، انوسٹمنٹ ایٹریکشن آفیسر سی آر بی سی داود
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور اور چائنیز کمپنی چائنہ روڈ اینڈ بریج کارپوریشن (CRBC ) نے مستقبل قریب میں باہمی اشتراک سے پشاور اور خیبر پختونخوا میں معاشی استحکام کے لیے مختلف منصوبوں پر مل کر کام کرنے اور رشکئی سپیشل اکنامک زون میں باہمی تعاون سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور میں منعقد ہوا جس میں سی آر بی سی کی جانب سے ان کے انوسٹمنٹ ایٹریکشن آفیسر چینی نژاد مسٹر داود اور فیڈریشن کے ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد سمیت ریجنل سیکرٹری انجینئر خالد حیدر اور سمال چیمبر کے سیکرٹری اکبر سیٹھی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پاک چین دوستی کو مذید مضبوط کرنے اور دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلا س میں خصوصی طور پر رشکئی سپیشل اکنامک زون بارے تفصیلی بات چیت کی گئی اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
سرتاج احمد خان نے چائنہ کمپنی سی آر بی سی کے آفیسر داود کو فیڈریشن کی جانب سے مکمل اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چائنہ کی جانب سے رشکئی سپیشل اکنامک زون سمیت خیبر پختونخوا اور پاکستان میں کیے جانے والے ہر ایک منصوبے پر وہ چائنیز حکومت اور وہاں کی بزنس کمیونٹی کے دل سے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کئی ایک شعبوں اور علاقوں میں مل کر کام کرنے کی گنجائش موجود ہے جس کے ذریعے نہ صرف یہ کہ دونوں ملکوں میں تعلقات کو مذید مضبوط کیا جاسکے گا بلکہ یہ باہمی اشتراک سرمایہ کاروں سمیت خیبر پختونخوا کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے بھی روزگار کے کئی ایک مواقعوں کو جنم دے گا۔ سی آر بی سی آفیسر نے تمام تر پہلووں پر سیر حاصل گفت و شنید کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں اس حوالے سے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرتے ہوئے عملی طور پر کام کا آغاز کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی پاک چین دوستی کو صرف زبانی کلامی کہنے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی میدان میں مل کر کام کرنے اور دونوں ملکوں کی کامیابی کے خواہاں ہیں ۔ اجلاس کے آخر میں سی آر بی سی آفیسر داود کو فیڈریشن کی یادگاری شیلڈ سمیت بجٹ پروپوزل کتابچہ بھی پیش کیا گیا۔