
سرکاری ملازمین کو23 جون تک تنخواہ ادائیگی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔وزیرخزانہ
سرکاری ملازمین کو23 جون تک تنخواہ ادائیگی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں، ایس ڈی جیز میں ایم این ایز کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزنان لیپس ایبل اکاؤنٹ میں ڈالنے کیلئے وزارت قانون اوراٹارنی جنرل سے مشاورت کریں گے، وزیر خزانہ
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ سرکاری ملازمین کو23 جون تک اس ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ہدایت جاری کردی ہے، ایس ڈی جیز میں ایم این ایز کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزنان لیپس ایبل اکاؤنٹ میں ڈالنے کیلئے وزارت قانون اوراٹارنی جنرل سے مشاورت کریں گے۔ جمعرات کوقومی اسمبلی میں اظہارخیال اوراراکین کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کاجواب دیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ بجٹ سے متعلق ایف بی آر کی تجارتی اورتکنیکی کمیٹیوں کے حوالہ سے نظرثانی کی گئی ہے جس کی تفصیلات انہوں نے ایوان میں جمع کرادی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ان سے کئی وزارتوں اورمحکموں نے عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی کیلئے رابطہ کیاہے، وزیرخزانہ نے کہاکہ انہوں نے اس حوالہ سے سیکرٹری خزانہ کوہدایات جاری کردی ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو 23 جون بروز جمعہ تک اس ماہ کی تنخواہیں اداکی جائے تاکہ ملازمین عید کے حوالہ سے اپنی ضروریات پوراکرسکے۔انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ اورایف بی آر کی ٹیمیں قومی اسمبلی اورسینیٹ کے علاوہ کمیٹیوں میں بھی موجود ہیں جو اراکین کی جانب سے بجٹ پربحث کا ایک ایک نکتہ نوٹ کررہی ہے، ان میں سے قابل عمل تجاویزکو بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی اورسینیٹ میں وزیرمملکت برائے خزانہ بھی موجودرہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایس ڈی جیز میں ایم این ایز کے منصوبوں کے فنڈز نان لیپس ایبل اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کیلئے وہ وزارت قانون اوراٹارنی جنرل سے مشاورت کریں گے کیونکہ اس حوالہ سے ایک قانون موجود ہے جبکہ عدالت عظمیٰ کا ایک فیصلہ بھی ہے۔قبل ازیں عبدالاکبرچترالی، غوث بخش مہر اور انجینئر صابرحسین قائم خانی نے نکتہ ہائے اعتراض پرکہاکہ ایس ڈی جیز میں ایم این ایز کے ترقیاتی فنڈز 30 جون کولیپس ہورہے ہیں، ان فنڈز کونان لیپس ایبل اکاؤنٹ میں منتقل کردیا جائے۔ ان ارکان نے بجٹ پربحث کے دوران وزارت خزانہ کی ٹیم کی موجودگی کا بھی مطالبہ کیا۔