Chitral Times

Dec 3, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نئے بھرتی ہونے والے تحصیلداران اور نائب تحصیلداران کی تعیناتیاں اگلے ہفتے متوقع، لسٹ تیار کر لی گئی

Posted on
شیئر کریں:

نئے بھرتی ہونے والے تحصیلداران اور نائب تحصیلداران کی تعیناتیاں اگلے ہفتے متوقع، لسٹ تیار کر لی گئی
کوئی بھی تعیناتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر نہیں کی جائے گی. معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) محکمہ مال خیبرپختونخوا کے زیر انتظام حالیہ بھرتی ہونے والے تحصیلدار اور نائب تحصیلداران کی تعیناتیوں کی لسٹ تیار کر لی گئی جبکہ آئندہ ہفتے باقاعدہ اعلامیہ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے. مذکورہ فیصلہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ کی زیر صدارت نئے بھرتی ہونے والے تحصیلداران اور نائب تحصیلداران کے سا تھ جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق، نگران وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ نئے بھرتی ہونے والے تحصیلداران اور نائب تحصیلداران کی تعیناتیاں میرٹ اور قانون کے مطابق کی جائیں گی جبکہ کوئی بھی تعیناتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر نہیں کی جائے گی. انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحصیلداران اور نائب تحصیلداران کو مدعو کیا گیا ہے اور ان سے انکی نئی تعیناتی کے بارے میں رائے لی گئی ہے. جس کا بنیادی مقصد محکمہ مال کی جانب سے خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لانی ہے۔اجلاس میں نئے بھرتی ہونے والے 17 تحصیلداران اور 36 نائب تحصیلداران شریک ہوئے جنہوں نے اپنے تعیناتی کے بارے میں اپنی آرا ء کا اظہار کیا۔گزشتہ ایک ماہ سے پبلک سروس کمیشن خیبرپختونخوا کے تحت سیلیکٹ ہونے والے تحصیلداران اور نائب تحصیلداران اپنی تعیناتیوں کے منتظر ہیں۔

 

ڈائریکٹوریٹ جنرل قانون و انسانی حقوق کے چار افسران کی ترقیاں

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) محکمہ قانون، پارلیمانی امور و انسانی حقوق کے چار افسران کو گریڈ 17 میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (آئی ٹی) کے عہدوں پر ترقیاں دیدی گئیں۔ اس سلسلے میں محکمے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر (آئی ٹی) کے عہدے پر محمد ثاقب، محمد ہارون، عبدالنواز اور محمد بلال کو ترقیاں دی گئی ہیں، بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق محمد ادریس نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محکمے کے ڈیٹا بیس، ویب اور نیٹ ورکنگ میں مزید بہتری آئیگی، انھوں نے محکمے کے تمام ملازمین کو پوری محنت اور دلجمعی سے کام کرنے کی بھی تلقین کی۔


شیئر کریں: