Chitral Times

Dec 3, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مسرت ہلالی کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری

Posted on
شیئر کریں:

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مسرت ہلالی کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی منظوری

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کی جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کی جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سپریم کورٹ تعیناتی اتفاق رائے سے ہوئی۔واضح رہے کہ جسٹس مسرت ہلالی نے گزشتہ ماہ ہی چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

آرٹیکل 184(3) میں اپیل کے حق کیلئے آئینی ترمیم کو خوش آمدید کہیں گے، چیف جسٹس

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ آرٹیکل 184(3) میں اپیل کے حق کیلئے آئینی ترمیم کو خوش آمدید کہیں گے اور آئینی اختیار کو آئینی ترمیم کے ذریعے ہی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ریویو اینڈ ججمنٹ ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔پی ٹی آئی وکیل علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 184 کی شق تین کے اختیارات کو کم کرنے کیلئے قانون سازی کی گئی۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 184 کی شق تین کے فیصلے کیخلاف اپیل کا حق دینے کیلئے آئینی ترمیم کریں، آئینی ترمیم کی گئی تو ہم اسے خوش آمدید کہیں گے، آئینی اختیار کو آئینی ترمیم کے ذریعے ہی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ بھارت میں حق سماعت نہ ملے تو نظر ثانی ہوتی ہے، ہمارے ہاں فیصلہ غیر قانونی ہو تو نظر ثانی ہوجاتی ہے اور غلط قانون کو حتمی نہیں ہونے دیتے۔عدالت نے کیس کی سماعت کل ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی۔

ارشد شریف قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل پر سوموٹو کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت پانچ افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کینیا اور متحدہ عرب امارات کی حکومتیں بالترتیب وفاقی حکومت کے ساتھ باہمی قانونی معاونت کے معاہدوں پر بات چیت کے عمل میں ہیں، اس طرح کے معاہدوں پر عملدرآمد میں کچھ وقت لگے گا۔حکم نامے کے مطابق ارشد شریف کی دوسری اہلیہ کے وکیل نے عدالت کو اقوام متحدہ کے نمائندوں اور ان کمیٹیوں کا حوالہ دیا جو دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات میں شامل ہیں، ارشد شریف کی والدہ نے دو متفرق دائر درخواستوں کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے بعض افراد کے نام بتائے ہیں جن کو ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث سازشیوں اور مجرموں کے بارے میں علم ہے۔حکم نامے کے مطابق والدہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایس جے آئی ٹی کو مذکورہ افراد کی جانچ کرنے کی ہدایت دی جائے، متفرق درخواستوں پر غور کرنے کے بعد عدالت کا خیال ہے کہ والدہ کے وکیل کی استدعا قابل قبول نہیں ہے، سوموٹو میں عدالت ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات میں محض سہولت فراہم کر رہی ہے، اس کیس پر مزید سماعت جولائی 2023 میں دوبارہ کی جائے گی۔


شیئر کریں: