Chitral Times

Dec 1, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان میں ایئر ٹیکسی سروس کا آغاز 18 جون سے ہو گا

شیئر کریں:

پاکستان میں ایئر ٹیکسی سروس کا آغاز 18 جون سے ہو گا

کراچی(چترال ٹایمز رپورٹ )پاکستان میں 18 جون کو ائیر ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ اسکائی ونگز کے 2 طیارے کراچی پہنچ گئے۔ ائیر ٹیکسی کی سروس حاصل کرنے کے لیے آن لائن ایپلی کیشن چند روز میں دستیاب ہو گی۔کراچی میں افتتاحی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کے دوران چیف آپریٹنگ آفیسر اسکائی ونگزعمران اسلم خان کا کہنا تھا کہ ایئر ٹیکسی کی سروس حاصل کرنے کے لیے آن لائن ایپلی کیشن چند روز میں دستیاب ہو گی اور 18 جون کو ائیر ٹیکسی سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایئر ٹیکسی سروس کے ذریعے ملک بھر کے دور افتادہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر آمد ورفت ممکن ہو سکے گی۔ ائیر ٹیکسی کی ٹیک آف اور لینڈنگ کے لیے ملک بھر میں 29 ائیر اسٹرپس موجود ہیں جس میں سے 8 کے قریب مکمل طور پر آپریشنل ہیں۔  عمران اسلم نے کہا کہ ایئر سروس کا کرایہ عام چارٹر سروسز کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہوگا۔ فضائی سروس کی ایپلی کیشن بنانے کے لیے ایک غیر ملکی اور ایک پاکستانی کمپنی سے رجوع کیا گیا تھا۔ یہ انتہائی مسرت کی بات ہے کہ پاکستانی کمپنی کی تیارکردہ ایپلی کیشن کے نتائج عمدہ رہے۔ اب اسی پاکستانی کمپنی کی ایپلی کیشن سروس کے لیے استعمال کی جائے گی۔سی ای او اسکائی ونگز کیپٹن عاصم نواز کے مطابق بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے بھی بزنس میں شمولیت کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ سروس ملک کے نو ہوائی اڈوں اور نجی ائیر پورٹس کے علاوہ رحیم یار خان اور بلوچستان کے لیے آپریٹ کی جائے گی۔ کچھ عرصے تک سروس کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔

 

پشاور: 5 ماہ میں 232 افراد قتل

پشاور(سی ایم لنکس)پشاور میں جرائم بڑھ گئے جس سے شہریوں کو مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔پشاور پولیس کی رواں سال کے 5 ماہ کی رپورٹ جاری ہوگئی جس کے مطابق رواں سال جرائم میں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے پہلے 5 ماہ میں 170 افراد قتل ہوئے تھے جبکہ اس سال 232 افراد کو قتل کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پچھلے سال کے 5 ماہ میں اقدامِ قتل کے 310 اور اب 360 واقعات ہوئے، رواں سال راہزنی کی 79 وارداتیں ہوئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال ریپ کے 18 اور رواں سال 29 کیسز رپورٹ ہوئے۔گزشتہ سال پانچ ماہ میں اغوا کے 22 کیسز ہوئے اور رواں سال اب تک 36 کیسز ہوچکے ہیں۔سی سی پی او سید اشفاق انور کا کہنا ہے کہ بڑھتے جرائم اور دہشت گردی کے واقعات چیلنجز ہیں، ٹیکنالوجی اور بہتر تفتیش کے ذریعے جرائم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


شیئر کریں: