
عشریت کے مقام پر گاڑی حادثے کا شکار، دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 8افراد جان بحق اور 17فراد زخمی، وزیراعلیِ کا اظہارافسوس و تعزیت
عشریت کے مقام پر گاڑی حادثے کا شکار، دو بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 8افراد جان بحق اور 17فراد زخمی، وزیراعلیِ کا اظہارافسوس و تعزیت
چترال (نمائندہ چترال ٹایمز ) جمعرات کے روز دوپہر کے وقت اپر دیر سے چترال کے گاؤں دمیڑ آنے والی ڈاٹسن گاڑی کو لواری ٹاپ کے نواحی گاؤں عشریت میں کوچھان گول کے مقام پر حادثہ پیش آنے سے دو بچوں سمیت 8افراد جان بحق اور 17فراد زخمی ہوگئے جن میں چارکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو 1122کے ذرائع کے مطابق گاڑی اپر دیر کے ایک گاؤں سے دمیڑ آرہی تھی جن میں دمیڑ کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 25افراد سوار تھے جن میں بچے بھی شامل تھے جوکہ اپر دیر میں اپنے رشتہ دار کے گھر میں خوشی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔ریسکیوٹیم کو اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کی۔
چترال پولیس نے موقع پر جان بحق افراد کی شناخت رحمت زرین (عمر 61سال)، حلیمہ بی بی دختر محمدزرین (عمر 25سال)، منتظرہ بی بی دختر باچا خان (عمر 13سال)، عبداللہ ولد یحیٰ خان (عمر 8سال) اور حکیم اللہ ولد دائم خان (عمر 6سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ درین اثناء تین افراد دائم خان ولد گل زرین، گل بی بی دختر دائم خان اور رخسانہ دختر ضیاء الدین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں دم توڑ گئے جس سے جان بحق ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہوگئی۔ ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسرار الدین نے بتایاکہ دروش ہسپتال سے 9زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ریفر کئے گئے تھے جن میں سے 3زخمی زخموں کی تاب نہ لاکر جان بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ باقی زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے اوریہ مزید علاج کے لئے پشاور ریفر کئے جانے کے قابل بھی نہیں ہیں۔
دریں اثنا ء ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد علی خان نے حادثہ پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی کہ ان کے بہترین علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے عشریت میں گاڑی حادثہ میں آٹھ قیمتی جانوں کے ضیاع پر چترال پولو گراونڈ میں جاری انٹر ڈسٹرکٹس چیف منسٹر کپ پولو ٹورنامنٹ کو ایک دن کے لئے بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کا لوئر چترال میں سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس
پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے لوئر چترال میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلی نے واقعے میں زخمی ہونے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔
درایں اثناء وزیر اعلی نے مینگورہ سوات میں پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد کے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت ایک نجی سکیورٹی گارڈ کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ وزیر اعلی نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔