Chitral Times

Dec 1, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اس سال ملک بھر سے ایک لاکھ 79 ہزارجبکہ خیبرپختونخوا سے کل 21 ہزار حجاج کرام حج پر جائیں گے.نگران صوبائی وزیر اوقاف و حج

Posted on
شیئر کریں:

اس سال ملک بھر سے ایک لاکھ 79 ہزارجبکہ خیبرپختونخوا سے کل 21 ہزار حجاج کرام حج پر جائیں گے.نگران صوبائی وزیر اوقاف و حج بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا حج کمپلیکس کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات، اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا ہے کہ حجاج کرام بیرونِ ملک پاکستان کے سفیر ہیں۔ خیبر پختونخوا سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والوں کو حج کمپلیکس میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ رواں سال خیبرپختونخوا سے 21 ہزار حجاج کرام عازم حج ہوں گے جبکہ آئندہ سال حج کمپلیکس پشاور میں ہی پاسپورٹس اور ویزا دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔ نگران صوبائی وزیر بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ان خیالات کا اظہار حج کمپلیکس حیات آباد کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ حج، اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور ڈاکٹر اسد علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ حج کمپلیکس پہنچنے پر سکاؤٹس کے دستے نے نگران صوبائی وزیر کو خوش آمدید کہا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے حج کمپلیکس میں عازمین حج کو مہیا کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ویکسینیشن سینٹر، ڈسپنسری اور تربیتی مرکز کا معائنہ کیا۔

 

اس موقع پر ڈائریکٹر حج خیبرپختونخوا قاضی سمیع الرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال ملک بھر سے ایک لاکھ 79 ہزار حجاج کرام حج پر جائیں گے جبکہ خیبرپختونخوا سے کل 21 ہزار حجاج کرام حج پر جائیں گے۔ رواں حج سیزن میں اب تک تقریباً 8 ہزار حجاج کرام کی ویکسینیشن اور تر بیت مکمل ہو چکی ہے جبکہ حاجیوں کی 13 فلا ئٹس بھی جا چکی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حجاج کرام کو ویکسینیشن، تربیت اور رہائش کے ساتھ ساتھ خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ سال سے حاجیوں کو حج کمپلیکس سے ہی پاسپورٹ اور ویزا دستاویزات مہیاء کی جائیں۔ انہوں نے حاجیوں کو مہیاء کی جانے والی سہولیات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ حج کمپلیکس میں صوبائی و وفاقی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ حجاج کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے حج کمپلیکس میں موجود عازمین حج سے بھی ملاقات کی اوران سے سہولیات سے متعلق دریافت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے اور اس سلسلے میں بہترین اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ حجاج کرام بیرونِ ملک پاکستان کے سفیر ہیں۔


شیئر کریں: