
اقبال الدین سحر کے مجموعہ کلام “آرزوئے سحر” کی تقریب رونمائی
اقبال الدین سحر کے مجموعہ کلام “آرزوئے سحر” کی تقریب رونمائی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) مرکزی انجمن ترقی کھوار چترال کے زیرِ انتظام کھوار زبان کے ہمہ جہت شاعر و فنکار اقبال الدین سحر کے کھوار مجموعہ کلام “آرزوئے سحر” کی تقریب رونمائی بدھ کے روز ٹاؤن ہال چترال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت پروفیسر اسرار الدین نے کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریٹائرڈ سیکریٹری رحمت غازی اور مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے سابق اے ڈی سی چترال مفتاح الدین مدعو تھے۔ کتاب کی رسمِ رونمائی صدرِ محفل، مہمان خصوصی، مہمانِ اعزاز، ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی تمغہ امتیاز اور انجمن کے مرکزی صدر شہزادہ تنویر الملک کے ہاتھوں کرائی گئی۔
تقریب میں جن شخصیات نے اقبال الدین سحر کی کتاب اور ان کی شخصیت و فن پر تبصرے کیے اُن میں ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی تمغہ امتیاز، شہزادہ تنویر الملک مرکزی صدر انجمن ترقی کھوار، ظہیر الدین صدر چترال پریس کلب، محمد افضل جی ایم این سی ایچ ڈی، آفتاب عالم آفتاب چیف پولو کوچ چترال، منصور علی شباب معروف فنکار، ظہورالحق دانش، میر جہاندار شاہ جہاندار شاعر و گلوکار، مفتاح الدین سابق اے۔ڈی۔سی چترال اور رحمت غازی سابق سیکریٹری شامل تھے۔
مقررین نے اقبال الدین سحر کی شعری مجموعے کونئی انداز میں اور ڈیجیٹلائز کرکے پرنٹ کرنے پر انور امان کی بھی تعریف کی اور کہاکہ ان کی بدولت تکنیکی طور پر یہ کتاب صوبہ میں معدودے چند کتابوں میں شمار ہوگی جس کے ہر ایک صفحے پر بار کوڈ لگی ہوئی ہے جسے موبائل پر بھی نہ صرف کھولا جاسکتا ہے بلکہ اس عزل کو سنا بھی جاسکتا ہے۔
صاحبِ کتاب اقبال الدین سحر نے پر وقار تقریبِ رونمائی کے انعقاد پر انجمن ترقی کھوار کا اور تبصروں کے لیے جملہ مقررین کا شکریہ ادا کیا۔ کھوار زبان معروف فی البدیہہ شاعر عبدالغنی خال دول نے مختلف موضوعات پر فی البدیہہ کلام سنائے اور محفل کو زعفران زار بنا دیا۔
آخر میں صدرِ محفل کے جامع صدارتی خطبے کے بعد تقریب کا اختتام ہوا۔