
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، حیدرآباد۔سکھر موٹروے کیلئے حکومتی ضمانت کے اجرا،وزارتوں اور ڈویڑنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، حیدرآباد۔سکھر موٹروے کیلئے حکومتی ضمانت کے اجرا،وزارتوں اور ڈویڑنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری
اسلام آباد( چترال ٹایمز رپورٹ )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حیدرآباد۔سکھر موٹروے منصوبہ کیلئے 9 ہزار 500 ملین روپے کی حکومتی ضمانت کے اجرا کی منظوری دیدی، اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویڑنز کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (ای سی سی) پیر کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں حیدرآباد۔سکھر موٹروے کیلئے 9 ہزار 500 ملین روپے کی حکومت پاکستان کی ضمانت کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کیلئے ریلیف اشیاء کی خریداری کی مد میں 12 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے علاقائی ممالک کے مقابلہ میں کم قیمت کی بنیاد پر 49 ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت کو فکس کرنے کی اجازت بھی دے دی۔اجلاس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ کیلئے وزارت ہوا بازی کیلئے 839.12 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کیلئے 120.450 ملین روپے، مختلف ذرائع سے حاصل خدمات کی مد میں اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کیلئے 14 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 175 روپے، وزارت انسانی حقوق کیلئے 116.49 ملین روپے،وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے 70 کروڑ روپے، پشاور کے علاقہ شاکس میں فاٹا لیویز سنٹر کے قیام کیلئے 48 ملین روپے، یو این امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والے سول آرمڈ فورسز کو ادائیگیوں کیلئے وزارت داخلہ کو 470.82 ملین روپے، خیبرپختونخوا کے علاقہ مچنی میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کیلئے تربیتی کیمپ کے قیام کی مد میں 66.336 ملین روپے،وزارت داخلہ کیلئے 347.99 ملین روپے، سوات میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 49.5 ملین روپے، جامشورو کول فائرڈ پاور پراجیکٹ کیلئے 9 ہزار 145 ملین روپے، وزارت پارلیمانی امور کیلئے 48.429 ملین روپے اور نیکٹا کیلئے 110.653 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔
تمام سرکاری محکموں کو امسال 22 جون 2023تک اشتہارات کی مد میں بقایا جات ادا کرنے کی ہدایت۔
پشاور(سی ایم لنکس)محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا نے تمام سرکاری محکموں کو اپنے ذمہ اشتہارات کی مد میں واجب الادا بقایاجات 22 جون 2023سے پہلے پہلے ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن محکموں کے پاس فنڈزموجود ہیں وہ بذریعہ چیک،بینک ڈرافٹ پیمنٹ آرڈر بنا م ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اخبارات، ایڈورٹائزنگ ایجنسیاں اور اخباری تنظیمیں اشتہارات کی مد میں بقایا جات کی ادائیگی کے لئے مسلسل محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ سے رابطہ کر رہی ہیں۔محکمہ اطلاعات نے تمام محکموں سے کہا ہے کہ جن محکموں کے پاس فنڈز موجود نہیں ہیں وہ محکمہ خزانہ سے رجوع کریں تاکہ اشتہارات کے بقایاجات جلد از جلد ادا کیے جا سکیں۔ اسی طرح محکموں کے فیلڈ فارمیشنز /دفاتر کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ امسال 15 جون 2023 سے پہلے پہلے اشتہارات کی مد میں واجب الادا رقم بذریعہ چیک بھیجیں بصورت دیگر چیک لیپس ہونے کی ذمہ داری محکمہ اطلاعات پر عائد نہیں ہوگی۔ اس ضمن میں بروقت ادائیگی نہ کرنے والے سرکاری محکموں کے اشتہارات کی اشاعت محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے روک دی جائے گی۔