Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہوجائیں گی، سپریم کورٹ حکم نامہ

شیئر کریں:

توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہوجائیں گی، سپریم کورٹ حکم نامہ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )سپریم کورٹ نے ملک بھر میں انتخابات ایک دن کرانے کے کیس میں 5 مئی کی سماعت کا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہوجائیں گی۔ حکم نامہ میں کہا گیا کہ جماعتوں کی سیاسی ایشو کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش قابل ستائش ہے، سیاسی ایشوز مذاکرات اور اتفاق رائے سے ہی بہتر انداز میں حل ہوسکتے ہیں۔حکم نامہ میں مزید کہا کہ توقع ہے سیاسی جماعتیں ایک تاریخ پر ملک بھر میں انتخابات پر متفق ہوجائیں گی، پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں نے مذاکراتی عمل پر اپنی اپنی رپورٹس جمع کرائیں، سعد رفیق نے بتایا کہ ایک ساتھ انتخابات کرانے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔سپریم کورٹ کے حکم نامہ کے مطابق سعد رفیق نے کہا مذاکرات جاری رہے تو تاریخ پر بھی اتفاق ہوجائے گا، شاہ محمود قریشی نے جواب میں مذاکرات میں پیشرفت پر مایوسی کا اظہار کیا، مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کی جاتی ہے۔

 

معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں، مداخلت نہیں کرینگے، چیف جسٹس

اسلام آباد(سی ایم لنکس) چیف جسٹس آف پاکستان نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہے، مداخلت نہیں کریں گے۔کے الیکٹرک کی نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم معاشی معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں ہے۔چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل رشید رضوی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ چاہیں تو متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ویسے بھی پارلیمنٹ نے آرٹیکل 184کی شق 3 سے متعلق 2 قوانین بنائے ہیں۔ پرانے مقدمات اس لیے سماعت کے لیے مقرر کر رہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں لائیو ایشو ہے؟۔ایڈووکیٹ صلاح الدین نے عدالت کو بتایا کہ کے ایس سی لیبر یونین کے خلاف درخواست بھی آئی ہے، جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ وہ کیس اس وقت ہمارے سامنے نہیں ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آئندہ ہفتے چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں، ججز دستیاب نہیں ہوں گے۔ آئندہ ہفتے ججز متعلقہ رجسٹریوں میں ہوں گے۔ آپ ہدایات لے لیں، کل کیس سنیں گے۔ کے الیکٹرک کی نجکاری کو 18 سال ہو چکے ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

 

محکمہ ایکسائز کی کاروائی، منشیات سمگلرز سے ہیئروئن بھرے 64 کیپسول برآمد

پشاور(چترال ٹایمز رپورٹ )سیکرٹری محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا احسان اللہ نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز منشیات سمگلروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے، معاشرے سے منشیات جیسے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ منشیات سمگلروں کا ہر حد تک پیچھا کرینگے۔ اس سلسلے میں آفتاب الدین ڈائریکٹر نارکوٹکس کو خفیہ زرائع سے بین الاقوامی اور بین الصوبائی نیٹ ورک بارے اطلاع ملی تھی کہ دو ملزمان منشیات سے بھرے کیپسو ل سمگلنگ کرنے کی کوشش میں ہیں اطلاع کو مصدقع جانتے ہوئے کاروائی کیلئے زاہد اقبال خان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر نارکوٹکس کنٹرول اور ارشد زمان خان سرکل آفیسر پشاور ریجن کی نگرانی میں رسول رحمان خٹک ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ریجن اور عاکف نواز خان انچارج اسپیشل سکواڈ، بمعہ دیگر نفری کو الرٹ کیا گیا۔، مزکورہ ٹیم نے اطلاع کے مطابق حاجی کیمپ سٹاپ پشاور سے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ اور بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان بین الاقوامی و بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کے انتہائی مطلوب سمگلرز اور کارندے تھے۔ گرفتار ملزمان ہیروئن بیرون ملک دبئی سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے ہیروئن بھرے کیپسول بدن میں موجود ہونے کا اقرار کر دیا جس کے بعد ہیروئن برآمدگی کیلئے ملزمان ایل آر ایچ ہسپتال منتقل کر دیئے گئے جہاں دونوں ملزمان کے بدن سے 64 عدد ہیروئن بھرے انڈے نما کیپسول خارج کر دئے گئے۔ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کاروائی کرتے ہوئے دو اور مرکزی ملزمان/ سمگلرز اسحاق اور عابداللہ ساکنان باڑہ کو آپریشن کے دوران کامیابی سے گرفتار کر لیا گیا۔، مزید تفتیش اور قانونی قاروائی کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ کیس سے متعلق اور انکشافات بھی ہوئے ہیں،جسکی تفصیل مزید گرفتاریوں کے بعد بتائی جا ئیگی،۔ کاروائی کے حوالے سے سیکرٹری ایکسائز احسان اللہ ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اکمل خٹک اور آفتاب الدین ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول نے متعلقہ عملے کی کاروائی کو سراہتے ہوئے منشیات سمگلروں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ مزید تیز اور وسیع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75296