Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تحریک انصاف پر پابندی کا جائزہ لیا جارہا ہے، خواجہ آصف- جہانگیر ترین سیاست میں دوبارہ سرگرم، پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کا امکان

Posted on
شیئر کریں:

تحریک انصاف پر پابندی کا جائزہ لیا جارہا ہے، خواجہ آصف- جہانگیر ترین سیاست میں دوبارہ سرگرم، پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کا امکان

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورت )وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا تو یہ پی ڈی ایم کا مشترکا فیصلہ ہوگا جس کے لیے پارلیمنٹ سے رجوع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے گھناؤنے مقاصد تھے، عمران خان کا ہر حربہ ناکام ہوا، ان کے گھناؤنے عزائم تھے جو کسی بھارتی کے ہو سکتے ہیں پاکستانی کے نہیں۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ریاست کو چیلنج کیا ہے، ریاست کی اساس پر حملہ کیا گیا، کون سا جرم ہے جو 9 مئی کو نہیں ہوا۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان نے جتنے بھی اقدامات کیے ہیں بھارت میں خوشی منائی گئی، بھارت جو پاکستان کے ساتھ نہیں کر سکا وہ عمران خان نے کیا۔ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 9 اپریل کے بعد جتنے بھی اقدامات کیے ہیں اس کا ان کو نقصان ہوا، ہم عمران خان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے، ان کے اپنے اقدامات کی وجہ سے انہیں نقصان ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 25 مئی کو شہداء کی تکریم کا دن منایا جائے گا، پوری دنیا میں لوگ اپنے شہداء کی عزت کرتے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات کا انہیں علم نہیں تھا، وہ اب کہہ چکے ہیں کہ اگر انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تو دوبارہ ری ایکشن آئے گا۔وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ عمران خان اتنا معصوم بننے کی کوشش نہ کریں، 9 مئی جیسے واقعات کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، عمران خان نے ایک جوا کھیلا جو وہ ہار گئے ہیں اب حیلے بہانے کر کے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ہم پر کوئی بین الاقوامی دباؤ نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ عمران خان کا آخری حربہ تھا، جو کچھ ہوا وہ اتفاق نہیں بلکہ منصوبہ بندی کے تحت تھا۔

 

جہانگیر ترین سیاست میں دوبارہ سرگرم، پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کا امکان

لاہور(سی ایم لنکس)جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیر ترین سے رابطہ کرلیا، اور پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک بننے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کا سلسلہ جاری ہے اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے متعدد ارکان کے پارٹی چھوڑنے کا امکان ہے۔جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیر ترین سے رابطہ کرکے ملاقاتیں کی ہیں جن میں وہ سابق ارکان اسمبلی شامل ہیں جو 2018 میں جہانگیر ترین کی معرفت سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔جہانگیر ترین نے لاہور میں سیاسی دفتر قائم کر لیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جہانگیر ترین سے 20 سے زائد اہم سیاسی شخصیات نے ملاقاتیں کی ہیں۔جہانگیر ترین باقاعدہ سیاسی مصروفیات کا آغاز اپنی نااہلی کے خاتمے کے بعد شروع کریں گے۔

 

شاہ محمود قریشی کہاں ہیں؟ معلوم نہیں: اسلام آباد پولیس

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسلام آباد پولیس نے جواب جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کہاں ہیں؟ معلوم نہیں۔عدالتِ عالیہ میں شاہ محمود قریشی کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت نے وزارتِ داخلہ کو حکم دیا کہ شاہ محمود قریشی کس مقدمے میں گرفتار ہیں اس سے متعلق آگاہ کریں۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی کے خلاف 2 مقدمات ہیں، ان کے خلاف 6 پرانے کیسز ہیں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
74855