Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنمنٹ گرلزکالجز، نابیناسکولز، اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے طالبات اوربچوں کیلئے 11 بسیں حوالے کردیں

Posted on
شیئر کریں:

گورنمنٹ گرلزکالجز، نابیناسکولز، اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے طالبات اوربچوں کیلئے 11 بسیں حوالے کردیں
گورنرہاؤس میں منعقدہ پروقار تقریب میں انٹرسٹی گرلزکالج شاہی باغ کو 4 بسیں، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ وویمن کالج کو 4 بسیں، گورنمنٹ نابینا سکول جی ٹی روڈ پشاور، گورنمنٹ نابینا سکول گلبہار اورسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد کو ایک، ایک بس حوالے کی گئی
گورنر نے اپنے وعدے کے مطابق مذکورہ تعلیمی اداروں کی500 طالبات اور قوت گویائی و بصارت سے محروم بچوں کو گورنر ہاؤس بلایا،برگر، جوس سے تواضح کی گئی، گورنر نے بچوں کو بسوں میں خود بٹھا کر باعزت رخصت کیا
گورنر ہاؤس آنیوالی طالبات کی خوشی قابل دید تھی، گورنر کے ساتھ تصاویر بنائیں، بسیں فراہم کرنیکا مطالبہ بلاتعطل پورا کرنے پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیا

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے چند دنوں میں اپنا وعدے ایفاء کرتے ہوئے گورنمنٹ گرلزکالجز، نابیناسکولز اور سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے طالبات اوربچوں کیلئے 11 بسیں حوالے کردیں۔منگل کے روز گورنرہاؤس میں منعقدہ پروقار تقریب میں گورنر حاجی غلام علی نے نگران صوبائی کابینہ کے اراکین جسٹس(ر)ارشاد قیصر،ساول نذیرایڈوکیٹ، فضل الہی،سلمیٰ بیگم،ملک مہر الہی، رحمت سلام خٹک، میئر پشاور حاجی زبیر علی کے ہمراہ اپنے وعدے کیمطابق انٹرسٹی گرلزکالج شاہی باغ کو 4 بسیں، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ وویمن کالج کو 4 بسیں، گورنمنٹ نابینا سکول جی ٹی روڈ پشاور، گورنمنٹ نابینا سکول گلبہار اورسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد کو ایک، ایک بس حوالے کی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اوردیگرمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر نے مذکورہ تعلیمی اداروں کے500 طالبات اور خصوصی بچوں کو بھی نہ صرف گورنر ہاوس بلایا بلکہ ان بچوں کو نگران وزراء اور میئر پشاور کے ہمراہ برگر،جوس بھی خود پیش کرتے رہے اور کافی دیر تک ان کے درمیان موجود رہے۔

chitraltimes governor kp giving away buses to girls colleges 2

اس موقع پرطالبات اور خصوصی بچوں کی خوشی قابل دید تھی۔ انہوں نے گورنر کے ساتھ تصاویربنوائی اور ان کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے بسوں کی فراہمی کامطالبہ پورا کرنے پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیا اورگورنرہاؤس کا دورہ کرانے اور شاندارمہمان نوازی پر گورنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ گورنرنے11 بسوں کی چابیاں مذکورہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کے حوالے کرنے کے بعد تمام طالبات اور خصوصی بچوں کو انہی بسوں میں بٹھایا اورگورنرہاؤس سے باعزت رخصت کیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ گرلز کالجز کے پروفیسرز اورنابیناسکولز و سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے اساتذہ وہ ذمہ داران نے گورنر حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آج پہلی بار گرلز کالجز کی طالبات اورخصوصی بچے گورنرہاؤس آئے، بسیں دیں،شاندارمہمان نوازی کی گئی جوہمارے بچوں کیلئے نہایت ہی خوشی کا دن ہے۔ واضح رہے کہ گورنرنے ایک ہفتہ قبل نگران صوبائی کابینہ کے اراکین ساول نذیرایڈوکیٹ، رحمت سلام خٹک، سلمی بیگم، میئر پشاور حاجی زبیر علی، محکمہ اعلی تعلیم، لوکل گورنمنٹ اورسوشل ویلفیئر کے انتظامی سربراہان کے ہمراہ پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں کیا تھا جس میں مذکورہ اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے بسیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیاگیاتھا جوآج انہوں نے پر وقار تقریب میں تعلیمی اداروں کے سربراہان کے حوالے کرنے پر پورا کردیا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ تعلیمی اداروں کو سہولیات کی فراہمی اور خصوصی بچوں کا خصوصی خیال رکھنا اپنا فرض سمجھتا ہوں، گورنرکا منصب سنھبالنے کے بعد ہی گورنر ہاؤس میں خصوصی بچوں کو اپنا خصوصی مہمان بنایا تھااور آج تیسری دفعہ ان خصوصی بچوں کوگورنرہاؤس کا دورہ کرایاہے جس کا مقصد یہ واضح کرناہے کہ خصوصی بچے بھی ہمارے معاشرے کاایک قیمتی سرمایہ ہے اور ان بچوں کو معاشرے کا پروقار شہری بنانا ہم سب کے فرائض میں شامل ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو گورنر نے کہاکہ صوبہ کی آئینی عہدیدار کی حیثیت سے صوبہ کے ہرفرد، ہر طبقہ کی خدمت کرنااور خاص طور پر تعلیمی شعبہ کے مسائل ومشکلات حل کرنا میرا مشن ہے۔ ضلع پشاورپر پورے صوبہ کا بوجھ ہے یہاں کی انفراسٹرکچرکی بحالی، سڑکوں کی تعمیر ومرمت سمیت، پانی و بجلی اوردیگر مشکلات کے خاتمہ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنا کردار پہلے بھی ادا کیا ہے، اب بھی اداکررہاہوں اور آئندہ بھی ادا کرتارہوں گا۔

 

اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وصوبائی حکومت، نگران وزیراعلی محمداعظم خان اورنگران وزراء کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہتاہوں، وفاقی وصوبائی حکومتوں اور میری خواہش کہ صوبائی دارالحکومت پشاور اورضم اضلاع سمیت پورے صوبے کے صحت و تعلیم،انفراسٹرکچر، پینے کی صاف پانی سمیت دیگر مسائل کو حل کیاجائے۔گورنرنے کہاکہ پشاور کے عوام کی خدمت کیلئے میئرپشاور حاجی زبیرعلی بھی کوششیں کررہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات پر افسوس کااظہارکیاکہ سابقہ حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کو سلب کیاہے جس کیلئے میئر پشاور کی سربراہی میں قانونی طریقے سے کوششیں کی جارہی ہے اور بہت جلد صوبے کے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کوان کے اختیارات واپس دے دیے جائیں گے اور ان سب کو اپنے اپنے علاقوں کی تعمیروترقی اور عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے فنڈز بھی جاری کردیے جائیں گے۔

chitraltimes governor kp giving away buses to girls colleges 3


شیئر کریں: