Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

امن وامان کی بحالی اور اس ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنے دفاعی اور قومی اداروں کے ساتھ ملکر کردار اداکریں۔ گورنرغلام علی 

Posted on
شیئر کریں:

امن وامان کی بحالی اور اس ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنے دفاعی اور قومی اداروں کے ساتھ ملکر کردار اداکریں۔ گورنرغلام علی

گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی کانگران صوبائی وزراء، میئرپشاور حاجی زبیرعلی کے ہمراہ باڑہ تحصیل کا دورہ
گورنر نے 47 کروڑ کی لاگت سے تحصیل چوک باڑہ تا پشتخرہ7 کلومیٹر طویل، 48 فٹ کشادہ دورویہ سڑک کی تعمیر کاافتتاح کیا
گورنر کی نگران صوبائی وزراء کے ہمراہ منشیات کی روک تھام اور نشہ کی لعنت سے بچنے کے حوالے سے منعقدہ آگہی واک میں بھی شرکت
قبائلی عوام امن وامان کی بحالی اور اس ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنے دفاعی اور قومی اداروں کے ساتھ ملکر کردار اداکریں،گورنرحاجی غلام علی کاعالم گودر میں بڑے قبائلی اجتماع سے خطاب

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی اور نگران صوبائی وزیر ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکاٹیکس حاجی منظور آفریدی نے ضم ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کادورہ کیا۔نگران صوبائی کابینہ کے اراکین عبدالحلیم قصوریہ،حامدشاہ،ساول نذیرایڈوکیٹ،تاج محمدآفریدی، فضل الہی، جسٹس(ر) ارشاد قیصر، پیرہارون شاہ، ہدایت اللہ آفریدی،ریاض انور،میئرپشاور حاجی زبیرعلی،سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی، عاطف الرحمن بھی گورنرکے ہمراہ تھے جبکہ چیئرمین تحصیل پشتخرہ حاجی صفت ہارون، چیئرمین باڑہ تحصیل مفتی محمدکفیل،سیکرٹری محکمہ ایکسائز،ڈی سی خیبر، ڈی پی او اوردیگر متعلقہ محکموں کے حکام سمیت،عمائدین، مشران، بلدیاتی نمائندے، طلباء اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنرنے اس موقع پر تحصیل چوک باڑہ تاپشتخرہ 47کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے 7 کلومیٹر طویل،48 فٹ چوڑا دورویہ سڑک کی تعمیر کاافتتاح کیا۔افتتاح کے بعد گورنر وہاں پرہزاروں کی تعدادمیں موجود عوام میں بھی گھل مل گئے۔ گورنر نے دورہ کے دوران محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے منشیات کی روک تھام اور نشہ کی لعنت سے بچنے کے حوالے سے منعقدہ آگہی واک میں بھی شرکت کی، واک میں صوبائی وزیرمنظوری آفریدی سمیت نگران کابینہ کے دیگر اراکین، بلدیاتی نمانئدوں،ملکان ومشران اور نوجوانان نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔تحصیل چوک باڑہ تاپشتخرہ 7 کلومیٹر طویل دورویہ روڈ کی تعمیر کے افتتاح کے بعد گورنر عالم گودر بھی گئے اور نگران صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکاٹیکس منظور خان آفریدی کی رہائش گاہ پربڑے قبائلی اجتماع سے خطاب کیا۔اجتماع سے صوبائی وزیرمنظور آفریدی، میئر پشاور حاجی زبیرعلی،قبائلی ملک محمدشاہ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔اجتماع میں ضلع خیبرکے بلدیاتی نمائندے،ملکان و مشران، عمائدین اوربڑی تعدا د میں نوجوان شریک تھے۔اجتماع میں پہنچنے پر باڑہ کے مشران،ملکان، منتخب بلدیاتی نمائندوں اورعوام کی بہت بڑی تعداد نے گورنر اورنگران کابینہ اراکین کا شاندار استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچاورکیں،گلدستے پیش کئے جبکہ قبائلی ملک وسابقہ سینٹر محمدشاہ گورنر حاجی غلام علی، حاجی منظورآفریدی، تاج محمد آفریدی اور میئرپشاور حاجی زبیرعلی کو قبائلی روایات کے مطابق قُلالُنگی پہنائی۔

 

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے عمائدین اورعوام علاقہ کا شاندار استقبال اور عزت افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج نگران صوبائی وزراء کے ہمراہ تحصیل باڑہ آنے کا مقصد عوام کو درپیش مسائل کاخاتمہ تھاتاکہ صحت، تعلیم، مواصلات اوردیگر شعبوں میں درپیش مسائل کا نہ صرف خاتمہ کیاجاسکے بلکہ آئندہ صوبائی بجٹ میں نگران وزیراعلی محمداعظم خان، صوبائی وزراء اورکے ساتھ ملکرنہ صرف ضم اضلاع بلکہ پورے صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی طور پر فنڈمختص کیے جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمدشہبازشریف، نگران صوبائی وزیراعلی محمداعظم خان اورصوبائی کابینہ اراکین کی بھی خواہش ہے کہ ضم اضلاع سمیت صوبے بھر کی تعمیر وترقی، انفراسٹرکچر کی بحالی پر نہ صرف خصوصی توجہ دی جائے بلکہ وفاقی وصوبائی بجٹ میں عوام کے مسائل کے حل خطیر رقم بھی مختص کی جائے۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں سمیت قبائلی عمائدین اور نوجوانوں سے کہاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خود ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں اور ترقیاتی کام میں معیار اورشفافیت کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کاپیسہ کسی بھی صورت ضائع نہیں ہوناچاہئیے اور ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اورلاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

 

گورنرنے کہاکہ 50 سکولوں میں کی تعمیر کے پراجیکٹ میں اب تک 25 سکول تعمیرکئے گئے اور باقی ماندہ سکول بھی بہت جلد مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گورنراور صوبائی حکومت کی قبائلی عوام کے ساتھ محبت اور اُن کے مشکلات کے خاتمے میں دلچسپی کااندازہ اس سے لگایاجاسکتاہے کہ آج تاریخ میں پہلی دفعہ نگران صوبائی کابینہ اراکین کے ہمراہ گورنر ضم ضلع کا دورہ کررہے ہیں اور 47کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے 7 کلومیٹر طویل،48 فٹ چوڑا دورویہ سڑک کی افتتاح سے کافی حدتک قبائلی عوام کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ گورنر حاجی غلام علی،صوبائی وزیر منظور آفریدی، نگران وزیراعلی کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور اورمیئر پشاور حاجی زبیرعلی نے اس موقع پر سب ڈویژن حسن خیل کے عوام کیلئے اپنے دست مبارک سے ایک ایمبولینس بھی محکمہ صحت کے حکام کے حوالے کیں جبکہ باڑہ تحصیل کے عوام کیلئے بھی ایک ایمبولینس دینے کااعلان کیا۔انہوں نے عمائدین کی جانب سے پیش کئے گئے فلٹریشن پلانٹ کے مطالبہ پر کہاکہ صوبائی وزراء اوردیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان کا یہاں آنے کا مقصد آپ کے مسائل کوحل کرناہے جس پر نگران صوبائی وزیر حامدشاہ نے عوام کیلئے صاف پانی کی فراہمی کیلئے دوفلٹریشن پلانٹ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

اسی طرح گورنرنے کہاکہ اگر باڑہ میں سرکاری زمین دستیاب ہوں تو باڑہ تحصیل کے بچوں کیلئے ایک پارک اور کھیلنے کیلئے میدان بھی تعمیرکیاجائیگا جس کیلئے نگران وزیراعلی کے معاون خصوصی پیرہارون شاہ نے بھی یقین دہانی کرائی۔ گورنرنے کہاکہ اُن کا صوبائی وزراء کے ہمراہ ضم اضلاع کا یہ پہلا دورہ ہے۔ میری اورنگران حکومت کی خواہش ہے کہ کم سے کم مدت میں ضم اضلاع کی جتنی بھی مشکلات ہے اُسے حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس علاقے میں امن وامان کا بہت بڑا مسئلہ تھا اوردہشت گردی سمیت عوام نے کرفیوں کامشکل وقت بھی گزارا ہے اور حالات کو درست کرنے کیلئے پاک فوج کے ہمراہ جدوجہد کی ہے۔ آج ہزاروں کی تعداد میں موجود اس اجتماع سے مخاطب ہونا اور تحصیل چوک باڑہ میں عوام میں گھل ملناامن وامان کی بحالی کیلئے قبائلی عوام اور پاک فوج سمیت سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کا ہی نتیجہ ہے جس پر میں آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

 

انہوں نے کہاکہ عوام، افواج اور دیگر سیکورٹی ادارے ملکر ملک وقوم کو مشکلات سے نکالتی ہے۔ انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امن وامان کی بحالی اور اس ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنے دفاعی اور قومی اداروں کے ساتھ ملکر کردار اداکریں۔ گورنرنے دورہ کے دوران بچوں کو انسدادپولیو کے قطرے بھی پلائے جبکہ پودا بھی لگایا۔ گورنرنے اس موقع پر نگران صوبائی وزیر منظور آفریدی، میئرپشاورحاجی زبیرعلی سمیت دیگر صوبائی وزراء اور سرکاری حکام کوشیلڈز بھی دیے۔

chitraltimes governor kp visit bara district inagurated road project 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74729