Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلی کا صوبے میں گھریلو صارفین کے لئے سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس، سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام کو ہدایت

شیئر کریں:

وزیراعلی کا صوبے میں گھریلو صارفین کے لئے سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس، سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام کو ہدایت

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے کے بعض علاقوں خصوصاً چارسدہ میں گھریلو صارفین کے لئے سوئی گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے اور اس سلسلے میں گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے جمعرات کے روز سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام سے گفتگو کرتے ہوئے جاری کیں جنہوں نے ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے خصوصاً چارسدہ میں گھریلو صارفین کے لئے بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بعض مقامات خصوصاً نواحی علاقوں میں گھریلو صارفین کو بجلی اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ درپیش ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سوئی ناردرن گیس اور پیسکو حکام نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ صوبے اور خصوصاً ضلع چارسدہ میں گھریلو صارفین کو سوئی گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اگلے چند دنوں میں صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

 

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کا ضم اضلاع کے عمائدین پر مشتمل کثیر رکنی جرگے سے خطاب

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان سے جمعرات کے روز ضم اضلاع کے عمائدین پر مشتمل کثیر رکنی جرگے نے وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے علاقوں کے عوامی مسائل سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی استدعا کی۔ ملاقات میں صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ قبائلی عمائدین کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل میں بجلی ، تعلیم ، صحت ، مواصلات اور دیگر سماجی شعبوں سے جڑے مسائل شامل تھے۔ وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے اور انہیں اپنے اپنے محکموں سے جڑے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھاکر پیشرفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع کے عوام نے گزشتہ چار دہائیوں میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور صوبائی حکومت کو ضم اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل کا بھر پور ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے ضم اضلاع کے عوامی مسائل سے متعلق آگاہی حاصل کرنے کے لئے ہفتے میں ایک دن مقرر کیا ہے تاکہ قبائلی عوام کے مسائل کو براہ راست سن کر ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

 

اعظم خان کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ہر جمعرات کے دن وزیراعلیٰ ہاو س تشریف لا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران صوبائی حکومت ضم اضلاع کے آئینی حقوق کے حصول کے لئے شروع دن ہی سے کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان سے دو دفعہ ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ اعظم خان کا کہنا تھا کہ انضمام کے وقت ضم اضلاع کے لئے این ایف سی کے تین فیصد کا جو وعدہ کیا گیا تھا وہ اب تک پورا نہیں ہوا ۔ این ایف سی میں ضم اضلاع کے شیئرز کے حصول کے لئے حال ہی میں وفاقی وزیر خزانہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ضم اضلاع کے عوام کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق ہر صورت ملنے چاہئیں ۔ نگران حکومت اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ جر گہ اراکین نے وزیراعلیٰ ہاو ¿س مدعو کرنے اور مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر نگران وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ضم اضلاع کے عوام کے لئے ہفتے میں ایک دن مختص کرنا وزیراعلیٰ کا احسن اقدام ہے۔ قبائلی عمائدین نے کہا کہ یہ اقدام ضم اضلاع کے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کی سنجیدگی اور دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔ یہ قبائلی عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے اچھی کاوش ہے اور امید ہے کہ وزیراعلیٰ کے اس اقدام سے قبائلی عوام کو درپیش مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

chitraltimes cm kp azam khan talking to trible elders

 

 


شیئر کریں: