Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قومی اسمبلی؛ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کے لیے تحریک منظور

Posted on
شیئر کریں:

قومی اسمبلی؛ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کے لیے تحریک منظور

اسلام آباد( چترال ٹایمز رپورٹ )قومی اسمبلی نے چیف جسٹس کے خلاف مس کنڈکٹ کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایوان نے اس معاملے میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے لیے تحریک کی منظوری دے دی۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشریف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی شازیہ ثوبیہ سومرو نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس لانے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی تحریک پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔تحریک میں کہا گیا کہ ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کمیٹی میں مختلف جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے جن میں محسن شاہنواز، خورشید جونیجو، صلاح الدین ایوبی، شہناز بلوچ، صلاح الدین اور دیگر ارکان شامل ہیں۔تحریک میں کہا گیا کہ کمیٹی چیف جسٹس کے سوا دیگر ججز کے مس کنڈکٹ پر بھی ریفرنس لانے کا جائزہ لے گی۔قبل ازیں سپریم کورٹ کے فیصلوں پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پارلیمنٹ چیف جسٹس کے مس کنڈکٹ کا جائزہ لے، آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔

 

خواجہ آصف نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ مخصوص ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے، سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کے لیے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے، وزیراعظم سے بھی درخواست ہے کہ لکھنوی انداز نہ اپنایا جائے، وہ زبان استعمال کی جائے جو ان کو سمجھ بھی آئے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں یہ روایت تھی کہ پرچے لیک ہوتے تھے اب فیصلے لیک ہوتے ہیں، طارق رحیم نے جو آڈیو میں بتایا عین اس کے مطابق فیصلہ ہوا، انہوں نے عدل کو مذاق بنالیا ہے آپ ایک ملزم کو کہہ رہے کہ ”وش یو گڈ لک“، آپ انصاف کرنے کے لیے بیٹھے ہوئے لوگوں کو وش کرنے یا تعویذ دھاگا دینے نہیں، اپنی کرسی کو کوئی داماد کے لیے کوئی ساس اور کوئی چاچے مامے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ آپ کو انصاف کرنا ہے، انصاف کرنا اللہ تعالیٰ کی خوبیوں میں بڑی چیز ہے، آپ عدل کا کس طرح مذاق اڑا رہے ہیں اور عدل کو رول رہے ہیں۔انہوں کا کہنا تھا کہ تین کا جو بینچ ہے ان سے کیا عدل کی توقع کی جا سکتی ہے؟ کیا کوئی اور جج نہیں عدالت میں جس کیس کو دیکھا جائے یہ تین بیٹھے ہیں، وقت آگیا ہے کہ اس ہاؤس کے اختیارات کا استعمال کیا جائے۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس بھجوانے کی تجویز پیش کردی اور کہا کہ اب تمام ججز بھی مجرموں کو wish You Good Luck کہیں کیوں کہ خود چیف جسٹس نے معیار قائم کیا ہے، 60 ارب روپے کی کرپشن کا واضح کیس ہے، آنکھیں بند کرکے ٹمبکٹو عدالت بھی اسے کرپٹ قرار دے گی لیکن افسوس چیف جسٹس کو یہ کرپشن نظر نہیں آئی۔مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ہم اس صورتحال کو جوڈیشل مارشل لاء سے تشبیہ کرتے ہیں، قوم سے وعدہ کرتے ہیں اپ کے ہر حق کا تحفظ یہ پارلیمنٹ کرے گی، میں ایسے نظام کو نہیں مانتا جو آپ کے ظلم اور جبر کو مسلسل برادشت کر رہا ہے۔اسعد محمود نے کہا کہ تین ججز نے مردہ لاش میں روح پھونکی، یہ سیاسی مردہ روح تھا جسے بلا کر روح پھونکی گئی، اگر آپ کو سیاست میں آنے کا شوق ہے تو آؤ سیاسی میدان میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔

 

 

 

آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھجوایا جائے،وزیر دفاع کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کی کمیٹی بنا کر ایک شخص کی بے جا حمایت کے واقعات کی چھان بین کی جائے اور آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھجوایا جائے، وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ اس صورتحال میں اپنا آئینی کردار ادا کرے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی عدلیہ کی 75 سالہ تاریخ میں ایسے ایسے واقعات ہوئے ہیں جنہوں نے ملک پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں انہوں نیکہا کہ عدلیہ کے فیصلوں سیبظاہر سیاسی حمایت نظر آرہی ہے۔ دو، تین کے فیصلے کی کوئی آئینی وقعت نہیں، اس کا مقصد عمران خان کو ریلیف دینا ہے، وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم جوڈیشل کونسل کو مس کنڈکٹ کا ریفرنس ارسال کرے۔آئین اور قانون نے ہمیں جو اختیار دیا ہے اس کا استعمال کیا جائے۔ 63 اے کو ری رائٹ کرکے آئین کی ہیئت ہی بدل دی گئی۔ کور کمانڈر کے گھر پر حملہ اورشہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ قائد اعظم کے گھر پر حملہ کیا گیا، کیا۔ یہ کہا گیا کہ مجھے آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ انہوں نیکہا کہ ایک قاضی جب ایک مجرم کو دیکھ کر کھڑے ہوئے تو حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی نے انہیں ڈی ٹوٹیفائی کر دیا تھا۔ میرا مطالبہ ہے کہ پارلیمنٹ سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس بھجوائے۔

 

نواز شریف کی بیوی دم توڑ رہی تھی مگر اسے فون کی سہولت نہ دی گئی مگر عمران خان کو کسٹڈی میں سہولت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان کی ایک کمیٹی قائم کرکے آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ریفرنس بھجوایا جائے۔ یہ شخص اپنے مفادات کے علاوہ کسی کے ساتھ وفا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ریاض کے پیسے کو القادر ٹرسٹ میں استعمال کیا گیا۔ بنی گالہ میں اڑھائی سو کنال زمین حاصل کی گئی۔ نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف انکوائریوں پر بڑی رقم خرچ کی گئی۔این سی اے نے انہیں بری الذمہ قرار دیا۔ عمران خان اس کیس کی بھی تحقیقات کر سکتے تھے۔ میں نے جب یہ معاملہ اٹھایا تو ملک ریاض نے مجھے فون کیا اور کہا کہ ”خواجہ صاحب چھڈو کی کردے او“ا انہوں نیکہا کہ چادر اور چاردیواری کی بات کرتے ہیں انہوں نے اپنے دور میں مریم نواز اور دیگر خواتین کی چادر اور چادیواری کا تحفظ کیوں نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ طارق رحیم کی لیک ہونے والی وڈیو کے مطابق فیصلہ ہوا، یہ انصاف کے نظام کا مذاق ہے۔ پرچہ ایک دن پہلے آؤٹ ہوا جس سے انصاف کے نظام کی رسوائی ہوئی۔ اس ملک کے نظام نے انہیں عزت دی ہوئی ہے جس کا پاس کیا جانا جاہیئے۔انصاف اور عدل کا حکم اللہ تعالی نے دیا ہے اس کا مذاق نہیں بننا چاہیئے۔ پارلیمنٹ کو آئین کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام کارروائی کا مقصد صرف یہ ہے کہ ستمبر میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس نہ بنیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک اور کمیٹی بنا کر عدلیہ میں چا رلاکھ زیر التوا مقدمات کا بھی جائزہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کرنل شیر خان شہید کے مجسمہ کو بھی توڑا گیا اور بے حرمتی کی گئی۔ پوری قوم اپنے شہدا کی مقروض ہے کیونکہ انہوں نے ہمارے کل کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74496