Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نادرا نے نئی سہولت متعارف کرا دی – وفاقی ادارہ شماریات کا نئی ڈیجیٹل مردم شماری کی تاریخ میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

نادرا نے نئی سہولت متعارف کرا دی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نئی سہولت متعارف کرا دی۔نادرا کی جانب سے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور نادرا نے بچوں اور خواتین کے تحفظ کے لیے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے جنسی مجرموں کی فوری شناخت کے لیے قومی رجسٹری کا اجرا کر دیا۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نئی سہولت کی مدد سے جنسی جرائم میں سزا یافتہ افراد کی شناخت اور ٹریکنگ کی جا سکے گی جبکہ گھر، مدرسہ، کالج، یونیورسٹی یا کہیں بھی ملازم رکھنے سے پہلے متعلقہ شخص کا شناختی کارڈ نمبر بھیجنے سے آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد سے متعلق جاننے کے لیے کہ کہیں وہ جنسی مجرم تو نہیں 7000 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کیا جاسکے گا۔

 

وفاقی ادارہ شماریات کا نئی ڈیجیٹل مردم شماری کی تاریخ میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) وفاقی ادارہ شماریات نے نئی ڈیجیٹل مردم شماری کی تاریخ میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔صوبائی مردم شماری کمشنرز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو جاری مراسلے میں وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مردم شماری کا فیلڈ ورک 15 مئی تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق مردم شماری میں اب تک 5 بار توسیع کی جا چکی ہے، یکم مارچ سے شروع ہونے والی مردم شماری کی ابتدائی ڈیڈ لائن 4 اپریل تھی۔خیال رہے کہ 28 اپریل کو ملک بھر میں مردم شماری کا عمل 4 بار کی توسیع کے باوجود مکمل نہ ہونے کے باعث مردم شماری کی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کا اعلان کر دیا گیا تھا۔مردم شماری کا عمل سب سے پہلے 4 اپریل تک مکمل کیا جانا تھا، جس میں پہلے 10 اپریل، پھر 15 اپریل، تیسری مرتبہ 20 اپریل جبکہ چوتھی بار 30 اپریل تک توسیع دی گئی تھی۔

 

مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان سری لنکا سے بھی آگے

اسلام آباد(سی ایم لنکس)ایک رپورٹ کے مطابق غذائی افراط زر کی فہرست میں پاکستان دنیا بھر میں 13 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ڈیفالٹ ہونے والے ملک سری لنکا کا فہرست میں 18 واں نمبر ہے۔ٹریڈنگ اکنامکس نامی ویب سائٹ کی جانب سے غذائی افراط زر سے متعلق دنیا بھر کے ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ فہرست کے مطابق لبنان 352 فیصد مہنگائی کے ساتھ دنیا کا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ 0.4 فیصد کے ساتھ چین غذائی افراط زر کے حوالے سے دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں وینیزویلا 158 فیصد کے ساتھ دوسرے، زمبابوے 108 فیصد کے ساتھ تیسرے جبکہ ایران کا 71.5 فیصد کے ساتھ فہرست میں چوتھا نمبر ہے۔ اسی طرح اسلامی ملک ترکی 53.92 فیصد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔مہنگائی میں اضافے کے بعد پاکستان 48 فیصد کے ساتھ 13 ویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت 3.84 فیصد کے ساتھ 152 ویں جبکہ بنگلہ دیش کو 9.09 فیصد کے ساتھ 111 واں نمبر دیا گیا ہے۔

 


شیئر کریں: