Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ذلت آمیز واقعات میں سہولت کاری، حوصلہ افزائی اورارتکاب میں ملوث تمام افراد کو 72 گھنٹے میں گرفتارکرنے کا ہدف دیا ہے، وزیراعظم محمدشہبازشریف

Posted on
شیئر کریں:

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ذلت آمیز واقعات میں سہولت کاری، حوصلہ افزائی اورارتکاب میں ملوث تمام افراد کو 72 گھنٹے میں گرفتارکرنے کا ہدف دیا ہے، وزیراعظم محمدشہبازشریف

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آتش زنی، توڑپھوڑ،لوٹ مار،سبوتاڑاورسرکاری ونجی املاک کونقصان پہنچانے کے ذلت آمیز واقعات میں سہولت کاری، ان کی حوصلہ افزائی اور ارتکاب میں ملوث تمام افراد کو 72 گھنٹے میں گرفتارکرنے کا ہدف دیا گیاہے۔ہفتہ کواپنی ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاہے کہ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آتش زنی، توڑپھوڑ،لوٹ مار،سبوتاڑاورسرکاری ونجی املاک کونقصان پہنچانے کے ذلت آمیز واقعات میں سہولت کاری، ان کی حوصلہ افزائی اور ارتکاب میں ملوث تمام افراد کو 72 گھنٹے میں گرفتارکرنے کا ہدف دیا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ تکنیکی امداد اور انٹیلی جنس سمیت تمام دستیاب وسائل کو ان عناصر کا پیچھا کرنے کے لیے بروئے کارلایاجارہاہے۔ ان لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا حکومت کے لیے ایک ٹیسٹ کیس ہے اوران کے مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔

 

جناح ہاؤس کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے،پی ٹی آ ئی کے جتھے غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف

لاہور(سی ایم لنکس)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے،پی ٹی آ ئی کے جتھے غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں،قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاکستان سیف سٹی اتھارٹی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ جناح ہاؤس کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے جو مکمل طور پر جل چکا ہے، 9 مئی کوعمران نیازی کی زیر نگرانی پی ٹی آ ئی کے جتھوں نے جناح ہاؤس کوجلا کر راکھ کر دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شر پسند عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،شر پسند کی شناخت میں سیف سٹی منصوبہ اہم کر دار ادا کر رہا ہے،تمام ملوث شر پسندوں کو ہر صورت گرفتار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے جتھوں نے منصوبہ بندی کر کے سرکاری املاک کو بد ترین نقصان پہنچایا ہے،اپنے وطن میں اپنوں نے اپنی ہی املاک کو اپنے ہاتھوں سے نذر آتش کیا، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور آگ بھڑکانے میں جو بھی ملوث ہوا اس کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، عمران نیازی اور اس کے جتھہ کے سوا پوری قوم دہشت گردی کے اس المناک واقعہ پر غمگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے وطن کی خاطر 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان میں مسلح افواج، پولیس،تاجروں اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے مل کر جدو جہد کی تب جا کر پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا۔

 

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ہمہ وقت اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن کی حفاظت کر تی ہیں،جو کام دشمن 75 سالوں میں نہ کر سکا وہ پی ٹی آ ئی کے شر پسندوں نے کر دیا،یہ احتجاج نہیں بلکہ دہشت گردی اور ملک دشمنی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا ئے گا،گزشتہ دو دنوں میں ملک میں بھیانک ترین اور دلخراش واقعات ہو ئے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اپنے خون سے پاکستان کی سرحدوں کی آ بیاری کی اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا ان کی تنصیبات کو پی ٹی آ ئی کے شر پسند جتھوں نے نشانہ بنایا،عمران نیازی کا ہر جتھہ ملک کے کسی کونے میں بھی ہو وہ کسی دہشت گرد سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگو ں نے اس قبیح اور بد ترین حرکت میں حصہ لیا ہے ان کیلئے جو سزائیں آ ئین اور قانون میں لکھی ہیں ان کو ہر صورت دی جائیں گی اورجنہوں نے اس دہشت گردی واقعہ کی منصوبہ بندی کی ہے اور وہ جن کے پاس اسلحہ اور ڈنڈے تھے اور وہاں پر مامور پولیس اہلکاروں اور فوجیوں پر حملہ آور ہو ئے ان کو قانون اپنے آہنی ہاتھوں سے گرفت میں لے گا اور سزائیں دے گا تاکہ قیامت تک یہ مثال بن جا ئے کہ وطن عزیز کیخلاف کسی دہشت گرد کو اس طرح کے واقعات کرنے کی جرات نہ ہو۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ جو کام ہمارا دشمن نہ کر سکا وہ پی ٹی آ ئی کے شر پسند ورکرزنے کر دکھایا،اپنے لوگوں نے دشمن بن کر پاکستان پر حملہ کیا یہ انتہا ئی افسوس ناک امر ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان واقعات میں ملوث پی ٹی آ ئی کے شرپسندوں کو اگلے 72 گھنٹوں میں گرفتار کر کے ان کے مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں چلائے جائیں، اگر انسداد دہشت گردی کورٹس کی تعدا د کم ہے تو ان کو بڑھایا جائے،ان واقعات میں خانہ پری کو کسی صورت بر داشت نہیں کیا جا ئے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ وہ ادارے جن کے افسران اور اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں ان قومی اداروں پر پی ٹی آ ئی کے شرپسند جتھوں نے حملہ کر کے نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیف سٹی اتھارٹی ایشیا کا سب سے بڑا اور جدید ترین منصوبہ ہے جو اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بنایا گیا تھا،یہ ادارہ دہشت گردی اور چوری و ڈکیتی کی روک تھام کیلئے بنایا تھا، افسوس ہے کہ اس کا سازوسامان ناکارہ ہو چکا ہے،پی ٹی آ ئی کے دور میں اس ادارے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو سیف سٹی اتھارٹی کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74411