Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عمران خان کی 9مئی کے بعد درج مقدمات کیخلاف درخواست دائر۔ پیشی کے دوران گرفتار 3 خواتین کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم

Posted on
شیئر کریں:

عمران خان کی 9مئی کے بعد درج مقدمات کیخلاف درخواست دائر۔  پیشی کے دوران گرفتار 3 خواتین کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم

 

لاہور (چترال ٹایمز رپورٹ )  تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 9 مئی کے بعد خود پر ہونے والے مقدمات کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کردی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کو اپنی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے درج مقدمات کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دے دی۔مذکورہ درخواست میں آئی جی اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں 9 مئی اور اس کے بعد درج ہونے والے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی ہے۔اس کے علاوہ درخواست میں 9 مئی کو یا اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے متعدد مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، پنجاب حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے،9مئی کے واقعات کے بعد متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

 

تحریک انصاف نے گرفتار کارکنوں کی معلومات آن لائن اکٹھا کرنا شروع کردیں

لاہور(سی ایم لنکس)تحریک انصاف نے گرفتار کارکنوں کی تعداد کیلئے آن لائن ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔پارٹی قیادت نے آن لائن پورٹل کے ذریعے پنجاب بھر سے گرفتار کارکنوں کی انٹری کرنے کی ہدایت دی ہے۔تمام گرفتار کارکنوں کے قریبی فیملی ممبر آن لائن پورٹل پر انٹری کرسکیں گے۔صدر پی ٹی آئی لاہور امتیاز شیخ کا دعویٰ ہے کہ لاہور سے 1500 کے قریب کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار کارکنان کی رہائی کیلئے قانونی ٹیم عدالت سے رجوع کرے گی۔

 

عمران خان کی پیشی کے دوران گرفتار 3 خواتین کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ ) عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے دوران تحریک انصاف کی گرفتار 3 خواتین کارکنان کو عدالت نے رہا کر دیا۔تھانہ آبپارہ کے تفتیشی افسر نے تینوں گرفتار خواتین کارکنان کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم کے سامنے پیش کیا اور جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے 20، 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض خواتین کارکنان انیبہ عامر، فرزانہ ریاض اور شہلا احسان کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا، تینوں خواتین کیخلاف عمران خان کی ہائیکورٹ پیشی کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہوا۔

 

لاہور سے گرفتار متعدد تحریک انصاف کارکنان کی عبوری ضمانت منظور

لاہور(سی ایم لنکس) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے، لاہور سے گرفتار 17 پارٹی کارکنان کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر گرفتار کیے گئے تحریک انصاف کارکنوں کو پیش کیا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج عبہر گل نے کیس کی سماعت کی۔عدالت میں پیش کیے گئے کارکنان میں قصور سے گرفتار وقاص طالب، سمیر عادی اور شیر افگن سمیت 17 کارکنان شامل تھے۔عدالت نے تمام کارکنان کی 27 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔عدالت نے ملزمان کو 1، 1 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا بھی حکم دیا ہے۔خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔امن عامہ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 3 روز کے دوران ملک بھر سے پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں عام کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار کیے گئے کارکنان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت متعدد مقدمات قائم کیے جا چکے ہیں۔


شیئر کریں: