Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نیب نے بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی گرفتاری کی بھی اجازت مانگ لی، شاہ محمود قریشی گرفتار

Posted on
شیئر کریں:

نیب نے بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی گرفتاری کی بھی اجازت مانگ لی، شاہ محمود قریشی گرفتار

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )نیب نے چیئرمین تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی اورپی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری کی گرفتاری کی بھی اجازت مانگ لی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں نیب عدالت پیش کیا گیا جہاں نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کو بھی گرفتار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ القادر ٹرسٹ کیس میں تحقیقات کی جاسکیں۔عمران خان کی نمائندگی خواجہ حارث بیرسٹر علی گوھر اور ایڈوکیٹ علی بخاری کر رہے ہیں، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی سپیشل پراسیکیوٹر رافع مقصود اور نیب کے پراسیکیوٹر سردار ذوالقرنین عدالت میں موجود ہیں جبکہ نیب کی طرف سے انویسٹی گیشن آفیسر میاں عمر ندیم بھی عدالت میں موجود ہیں۔

شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی کو ریڈ زون سے گرفتار کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت 15 دن کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کیلیے پولیس سپریم کورٹ میں موجود ہے۔

 

ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں فوج کوطلب کرلیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے فوج کو طلب کرلیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے فوج بلانے کیلیے وزارت داخلہ کو درخواست دے دی۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں فوج طلب کرنے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق اسلام ا?باد میں آئین کے آر ٹیکل245 کے تحت فوج طلب کی گئی ہے، دارالحکومت میں فوج امن و امان برقرار رکھنے کے لیے طلب کی گئی۔

پنجاب میں امن و امان کی صورت حال بہتر کرنے کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری

لاہور(سی ایم لنکس )سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پنجاب میں حالات کشیدہ ہوگئے، امن و امان کی صورت حال بہتر کرنے کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر صوبے میں فوج تعینات کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔فوج کی 10 کمپنیوں کو پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا، فوجی اہلکار لاہور، ملتان راولپنڈی، فیصل آباد، سمیت دیگر اضلاع میں تعینات کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد پنجاب میں صورت حال کشیدہ ہیں، صوبے میں امن و امان کی صورت بہتر کرنے کیلئے نگران پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74310