Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر کی ژالہ باری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور متاثرین کی مدد کیلئے فوری طور پراقدامات اٹھانے کی ہدایت

شیئر کریں:

گورنر کی ژالہ باری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور متاثرین کی مدد کیلئے فوری طور پراقدامات اٹھانے کی ہدایت
گورنرسے سینیٹرمولاناعبدالرشید، نگران صوبائی کابینہ کے اراکین محمدعلی شاہ، منظورآفریدی اور رحمت سلام خٹک کی الگ الگ ملاقاتیں، بارشوں اور شدیدژالہ باری سے ہونیوالے نقصانات سے گورنر کو آگا کیا
گورنرسے کوہستان کے عوامی نمائندہ وفد،سابق صوبائی وزیر آصف اقبال داؤدزئی کی سربراہی، مولاناعطاء الحق درویش کی سربراہی اور اسفندیارربانی کی سربراہی میں عوامی نمائندہ وفودکی بھی الگ الگ ملاقاتیں، علاقائی مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی سے باجوڑ سے سینیٹر مولاناعبدالرشید کی قیادت میں عوامی نمائندہ وفد، نگران صوبائی کابینہ کے اراکین محمدعلی شاہ، منظورآفریدی اور رحمت سلام خٹک نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور متعلقہ علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے گورنر کو آگاہ کیا۔ سینیٹر مولاناعبدالرشید نے گورنر کوضم ضلع باجوڑ میں ژالہ باری اور بارشوں سے فصلوں اور مکانات کو ہونیوالے نقصانات سے آگاہ کیا۔ جس پر گورنر نے فوری طور پر نگران وزیربرائے ریلیف اینڈری ہیبلیٹیشن تاج افریدی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں باجوڑ اور دیگر علاقوں میں میں ژالہ باری اور شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور متاثرین کی مدد کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

نگران صوبائی وزیر محمدعلی شاہ نے ملاکنڈ ڈویژن بالخصوص کالام،بحرین اوردیگر علاقوں ناران، کاغان میں بارشوں اور گذشتہ سیلاب کے باعث تاحال عوام کو آمدورفت کے شکلات سے آگاہ کیا۔ گورنر نے اس موقع پر سی اینڈ ڈبلیو اور این ایچ اے کے ساتھ موثر رابطہ رکھنے اور اور عوام کے مشکلات کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زوردیا اورکہاکہ عوام کو ریلیف دینے کی خاطر بلاتاخیر مذکورہ مسائل کے حل کیلئے ان متعلقہ اداروں کو اقدامات اٹھانے چاہئے۔

گورنرنے کہاکہ بارشوں اور ژالہ باری سے ہونیوالے نقصانات،متاثرہ فصلوں کے عوام کے نقصان پر افسوس ہے، متاثرین کی ہرممکن دادرسی اور مددکی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہیں۔ گورنرنے کہاکہ وہ خود ساری صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور میری کوشش ہے کہ صوبے بشمول ضم اضلاع کے عوام کو درپیش ہرقسم کی مشکلات کو دورکیاجائے اور انہیں ریلیف دی جائے۔

علاوہ ازیں گورنرسے لوئرکوہستان سے تحصیل چیئرمین مولانافضل وہاب،تحصیل چیئرمین رحمت اللہ اور قاری معصوم خان کی سربراہی میں 14 رکنی،سابق صوبائی وزیر آصف اقبال داؤدزئی کی سربراہی میں 5 رکنی، مولاناعطاء الحق درویش کی سربراہی میں 5 رکنی اور اسفندیارربانی کی سربراہی میں 7 رکنی نمائندہ وفود نے گورنرہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کی اورعوام کی فلاح وبہبود سمیت عوامی مسائل ومشکلات پر گفتگو کی۔ لوئرکوہستان کے وفد نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز کی فراہمی، تعلیمی اورصحت کی سہولیات سے متعلق درپیش مشکلات سے گورنرکو آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ گورنرنے وفد کو یقین دلایاکہ صوبائی حکومت آئندہ بجٹ میں لوئرکوہستان سمیت صوبے کے دوردرراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی وخوشحالی کیلئے صوبائی حکومت خطیر بجٹ مختص کرے گی جس سے کافی حدتک عوامی مشکلات حل ہوجائیں گے۔ گورنرنے دیگروفود کو بھی مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔گورنرنے منتخب تحصیل چیئرمینوں کو کہاکہ صوبائی حکومت انشاء اللہ عوام کی خدمت کے لئے صوبہ بھرکے منتخب چیئرمینوں اورمیئرزکی مدد کرے گی۔

 

 

 

گورنرحاجی غلام علی نے34 ویں نیشنل گیمزکی مشعل گورنرہاؤس سے پنجاب کیلئے روانہ کردیا

تقریب میں کابینہ اراکین ریاض انور،فضل الہی، ساول نذیرایڈوکیٹ، ملک مہرالہی، رحمت سلام خٹک، سابق عالمی سکواش چیمپئن قمرزمان سمیت محکمہ کھیل کے حکام اورکھلاڑیوں کی شرکت
خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرسیدعاقل شاہ اور کھلاڑیوں نے مشعل گورنر کے حوالے کی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے بلوچستان میں 34 ویں نیشنل گیمز کے انعقاد کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے دنیا بھر میں ملک کا ایک مثبت پیغام جائیگا۔ نیشنل گیمزکامشعل خیبرپختونخوا سے امن کے پیغام کے ساتھ پنجاب روانہ کردیا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے 34 ویں نیشنل گیمز کی مشعل گورنرہاؤس سے پنجاب کیلئے روانہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سیدعاقل شاہ اور کھلاڑیوں نے مشعل گورنر کے حوالے کی۔ تقریب میں صوبائی کابینہ کے اراکین ریاض انور،فضل الہی، ساول نذیرایڈوکیٹ،ملک مہرالہی اور رحمت سلام خٹک، خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سیدعاقل شاہ، سابق عالمی سکواش چیمپئن قمرزمان سمیت محکمہ کھیل کے حکام اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل گیمز کا کردار ملک میں اتفاق واتحاد کو برقراررکھنے میں انتہائی اہم ہے۔کھیلوں کے فروغ کیلئے صوبائی اوروفاقی حکومت کے ساتھ ملکر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور بالخصوص ضم اضلاع میں نوجوانوں کو کھیلوں کاسامان مہیاکیاجارہاہے تاکہ وہ بھی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے سکیں اور نہ صرف اپنا بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔

chitraltimes governor kp presenting olympic game candle


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74244