Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تعلیم یافتہ خواتین صرف خاندان نہیں بلکہ ملک و قوم کے بہترین مستقبل، ترقی و خوشحالی کی ضامن ہیں، گورنرحاجی غلام علی کا جناح کالج برائے خواتین پشاور یونیورسٹی

Posted on
شیئر کریں:

تعلیم یافتہ خواتین صرف خاندان نہیں بلکہ ملک و قوم کے بہترین مستقبل، ترقی و خوشحالی کی ضامن ہیں، گورنرحاجی غلام علی کا جناح کالج برائے خواتین پشاور یونیورسٹی

گورنر حاجی غلام علی کی جناح کالج برائے خواتین پشاور یونیورسٹی کے 39ویں سالانہ دن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت
گورنر نے تعلیمی سال2022-23میں انٹر میڈیٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبات میں تعریفی اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ جناح وویمن کالج پشاور کا ایک تاریخی اور معتبر تعلیمی ادارہ ہے جہاں سے پشاور سمیت دیگر اضلاع کی بچیاں باوقارانداز اور خود اعتمادی سے تعلیم حاصل کر کے معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں، تعلیم یافتہ خواتین نہ صرف ایک خاندان بلکہ ملک و قوم کے بہترین مستقبل، ترقی و خوشحالی کی بھی ضامن ہیں، یہاں سے فارغ التحصیل ہونیوالی طالبات تعلیمی جذبہ کے تحت معاشرے کے ایسی بچیاں جو نامساعد حالات کے باعث تعلیم حاصل نہیں کر سکتی ہیں انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کریں اور یہی آپ کی نہ صرف اصل تعلیمی کامیابی ہو گی بلکہ غربت و پسماندگی کے خاتمے سمیت ملک کی ترقی میں بھی کردار ادا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جناح کالج برائے خواتین، پشاور یونیورسٹی کے 39ویں سالانہ دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نگران صوبائی وزیر شفیع اللہ خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس، پرنسپل جناح کالج پروفیسر ڈاکٹر تزئین گل، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل پشاور ڈویلیپمنٹ اٹھارتی محمد عرفان، چیئرمین پشاور بورڈپروفیسر نصراللہ خان یوسفزئی، فیکلٹی اراکین، طالبات و والدین نے شرکت کی۔تقریب میں گورنر نے تعلیمی سال2022-23 میں انٹر میڈیٹ میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبات میں تعریفی اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ڈاکٹرتزئین گل نے اپنے خطاب میں کالج کی سالانہ رپورٹ 2022-23 گورنر کو پیش کرتے ہوئے کالج میں تدریسی عملہ کی کمی کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا اور درخواست کی کہ کالج میں بی ایس پروگرام کو ازسر نو بحال کیا جائے تاکہ مخلوط تعلیم سے گھبرانے والی بچیوں کو یہاں بیچلر تعلیم مکمل کرنے کی سہولت حاصل ہو سکے، پرنسپل نے گورنر سے کالج میں نئے بلاک کی تعمیر، کالج کے ہال کی تزئین و آرائش، فرش کی مرمت کی بھی درخواست کی جس پر گورنر نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور ڈویلپمنٹ اٹھارتی یہاں پر موجود ہیں اور کالج کے ہال کی معیاری طرز پر تزئین و آرائش، فرش کی مرمت یقینی بنائے جائے گی،پرنسپل نے کالج کی سالانہ دن کی تقریب میں شرکت کرنے اور طالبات کی حوصلہ افزائی پر گورنر کاشکریہ ادا کیا۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے عمدہ تعلیمی کارکردگی اور طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر پرنسپل، معلمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں جناح کالج کی طالبات سمیت تمام تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو جدید سہولیات پر مبنی تعلیم حاصل کرنیکے مواقع میسر ہو رہے ہیں۔طلباء وطالبات کو بھی چاہئے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات کا درست استعمال کریں،غیر ضروری بحث و مباحثہ اوروقت کی ضیاع سے دور رہے اور اپنی ساری توجہ درسی مطالعہ پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ آج یہاں طالبعلم ہیں مستقبل میں آپ نے ایک خاندان تیار کرنا ہے، ابھی سے اپنی زندگیوں میں شائستگی،اسلامی اقدار و روایات، برداشت اور بہترین انداز گفتگو کو حصہ بنائیں کیونکہ ایک اچھے اور برے انسان کی شخصیت اس کے انداز گفتگو اور چال چلن سے پتہ چل جاتی ہے۔گورنر کا کہنا تھا کہ تعلیم سب کیلئے حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے اور اس ضمن میں حکومت تمام تعلیمی اداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرتی ہے لیکن میں اپنی جانب سے خصوصی طور پر ایسے تعلیمی اداروں کو ایوارڈ پیش کروں گا جو تمام تر مشکلات کے باوجود طلباء وطالبات کی فیسوں میں واضح کمی لائیں گے کیونکہ میری دلی خواہش ہے کہ یونیورسٹیوں سمیت تمام تعلیمی اداروں میں فیسیں انتہائی کم ہوں تاکہ متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔

 

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آگے بڑھنے کی جستجو اور ہدف رکھنا کامیاب زندگی کا خاصہ ہے اور طالبات پر زوردیا کہ وہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدیدٹیکنالوجی کی تعلیم اور تحقیق پر خصوصی توجہ دیں تاکہ مستقبل میں اپنے وملک وقوم کی بہترین طریقے سے خدمت کرسکیں اور اقوام عالم میں اپنا اورملک کانام روشن کرسکیں۔انہو ں نے کہاکہ کالج انتظامیہ پر زور دیا کہ طالبات کو نصابی تعلیم کے ساتھ صحت افزا کھیل کی سرگرمیاں بھی فراہم کرنا چاہئیں اورطالبات کوبھی نصابی تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیناچاہئیے کیونکہ تعلیم و صحت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں خواتین کی آبادی ملک کی نصف آبادی سے زیادہ ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی تعلیم یافتہ خواتین کے بغیرناممکن ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اعلی تعلیمی اداروں میں طلباء سے زیادہ طالبات تعلیم حاصل کررہی ہے اورانشاء اللہ بہت جلد ہمارا ملک بھی دنیا کی ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔

علاوہ ازیں گورنر سے مانسہرہ سے فرید احمد کی سربراہی میں،ملاکنڈ سے راشد نورانی کی سربراہی میں نمائندہ وفود نے بھی گورنر ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں اوراپنے اپنے علاقوں کے عوام کودرپیش مسائل ومشکلات سے گورنر کو آگاہ کیا۔ گورنرنے اس موقع پر وفود کو مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

chitraltimes governor kp visist janah women college


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74144