
لوئر چترال پولیس کے دو سپوت مادر وطن پر قربان، سوات بم دھماکہ میں شہید جوانوں کی نمازجنازہ دروش میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی
لوئر چترال پولیس کے دو سپوت مادر وطن پر قربان، سوات بم دھماکہ میں شہید جوانوں کی نمازجنازہ دروش میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی
چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز ) شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکار خلیل الرحمن اور فضل رازق کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کیساتھ دروش میں ادا کی گئی۔ نمازہ جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال اکرام اللہ,ڈپٹی کمشنر محمد علی خان،ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل قیصر رضاءایس۔پی انوسٹگیشین محمد ستار خان, ڈی۔ایس۔پی ہیڈکوارٹر احمد عیسی, ,ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش اقبال کریم, سمیت دیگر پولیس افسران واہکاروں اور سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شہداء کو لوئر چترال پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
ڈی۔پی۔او لوئر چترال اکرام اللہ ڈپٹی کمشنر محمد علی خان اور دیگر افراد نے شہید اہلکاروں کے جسد خاکی پر پھولوں کے گلدستے رکھے اور شہیدا کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا مانگی۔
گزشتہ رات کبل پولیس لائن سوات بم دھماکے کے افسوس ناک واقعے میں لوئر چترال پولیس کے سپوت خلیل الرحمن اور فضل رازق شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے۔ شہید ہونے والے دونوں اہلکار سی۔ٹی۔ڈی پولیس اسٹیشن کبل سوات میں تعینات تھے۔
شہید اہلکار خلیل الرحمن کا تعلق منور گرم چشمہ اور فضل رازق کا تعلق اوسیک دروش سے تھا ۔ شہید ہونے والے دونوں جوانوں کی نماز جنازہ کرنل مراد اسٹیڈیم دروش میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کرنے کے بعد شہداء کو ان کے آبائی گاؤں منور گرم چشمہ اور اوسیک روانہ کیا گیا۔ جہاں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ شہداء کو سپرد خاک کیاجائے گا۔ ڈی۔پی۔او لوئر چترال اکرام اللہ اور ڈپٹی کمشنر نے شہداء کے ورثاء سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
دونوں افسران نے کہا پوری قوم کو آپ کے بیٹوں پر فخر ہے اللہ تعالی ہمارے جوانوں کے شہادت کو قبول کریں اور لواحقین کو صبرو جمیل عطاء فرمائیں۔