
آئی پی پیز نے حکومت سے 710 ملین ڈالر مانگ لیے
آئی پی پیز نے حکومت سے 710 ملین ڈالر مانگ لیے
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) آئی پی پیز نے حکومت سے710ملین ڈالر کی مانگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رقم وزارت خزانہ فوری جاری کرے۔ذرائع کے مطابق انڈی پینڈنٹ پاور پروڈیوسرز کی جانب سے حکومت کو خط لکھا گیا ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاور پلانٹس بند ہونے اور پاور ہاوسز کی مرمتی بند ہونے کا خدشہ ہے، ملک میں ڈالر کی کمی کے باعث ہمارا منافع بھی بیرون ملک منتقل نہیں ہورہا، ہمارے شئیر ہولڈرز کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذریعے رقوم کی بیرون منتقلی نہ ہونا بھی حکومتی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس پیر کو طلب
اسلام آباد(سی ایم لنکس)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا خصوصی اجلاس کل (پیر کو) طلب کرلیا گیا، جس میں پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب روپے کے فنڈز کے اجراء کے معاملے پر سپریم کورٹ کے اسٹیٹ بینک کو جاری احکامات کا جائزہ لیا جائے گا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا خصوصی اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا، جس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل کو بھی طلب کرلیا گیا، اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اور وزیر تجارت سید نوید قمر کو بھی دعوت نامہ جاری کردیا گیا۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں عام انتخابات کیلئے 21 ارب روپے کے فنڈز کے اجراء سے متعلق سپریم کورٹ کے اسٹیٹ بینک کو احکامات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈز اجراء کی ہدایات پر سفارشات مرتب کی جائیں گی۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب میں انتخابات کے التواء کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا گیا تھا ساتھ ہی حکومت کو الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔عدالتی احکامات کے باوجود حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم ادائیگی پر عدالت عظمیٰ نے اسٹیٹ بینک کو 21 ارب روپے فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔