
جماعتِ اسلامی سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی 3 رکنی کمیٹی قائم
جماعتِ اسلامی سے مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی 3 رکنی کمیٹی قائم
لاہور(سی ایم لنکس)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق کی ملاقات کے بعد عمران خان کی ہدایات پر پی ٹی آئی نے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔کمیٹی میں پرویز خٹک، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں جو ملک میں جاری سیاسی بحران پر جماعتِ اسلامی سے مذاکرات کرے گی۔گزشتہ روز امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات میں خود شامل نہیں ہوں گا۔اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کچھ قدم آپ آگے بڑھائیں، وزیرِ اعظم بھی دو قدم پیچھے ہٹیں تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے حوالے سے کوئی بات واضح ہو تو اپنے نمائندے بھیج سکتا ہوں۔سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا شدید فقدان ہے، صرف پنجاب میں انتخابات ہوئے تو اسمبلیاں اکٹھی مدت پوری نہیں کر پائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ اس سے طاقت کا توازن بگڑ جائے گا، صدر اور سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی تاریخیں 90 دن سے تجاوزکر چکی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ مسترد کردیا
پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ مسترد کردیا۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا سیلاب آئے گا جس کے آگے بند باندھنا مشکل ہوگا۔پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کا اضافہ شریف حکومت کی بدمعاشی ہے۔ عید سے قبل قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ ناروا اور ظلم ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ تسلیم نہیں کرتے۔المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مہنگائی کی ماری، مفت آٹے کی قطاروں میں ذلیل و رسواء ہوتی عوام کے حال پر رحم کرنا چاہیے۔ حکومت اپنی عیاشیوں میں کمی کی بجائے عوام کے منہ سے لقمہ چھننے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اور پی ڈی ایم جماعتیں عوام پر عرصہ حیات تنگ کرنے سے باز آجائیں۔ پٹرول قیمتوں میں ناروا اضافے کا بوجھ مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کی کمر توڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،حکومت نے آئی ایم ایف کی غلامی میں تمام حدیں عبور کرلیں۔ بجلی، گھی، آٹا اور چینی سب کچھ مہنگا کرکے عام آدمی سے زندہ رہنے کا حق چھینا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص طبقے کو مفت پٹرول مل رہا ہے لیکن اس کی قیمت عوام سے وصول کیا جا رہی ہے۔ اس مخصوص طبقے کو پٹرول کی مفت فراہمی روکی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کرکے بدترین عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔حکومت عوام کو مجبور نہ کرے کہ وہ ان کے گریبان میں ہاتھ ڈال دیں۔ قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ورنہ بھرپور احتجاج کریں گے۔