Chitral Times

Dec 3, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پارلیمنٹ کیوں گئے؟ جسٹس فائز عیسیٰ کی برطرفی کیلیے درخواست دائر، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترامیم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

Posted on
شیئر کریں:

پارلیمنٹ کیوں گئے؟ جسٹس فائز عیسیٰ کی برطرفی کیلیے درخواست دائر

گوجرانوالہ(سی ایم لنکس)گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ بار نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت درج کرائی ہے جس میں انہیں عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔ گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ بار نے موقف اپنایا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس قاضی فائز عیسی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے، جسٹس قاضی فائز عیسی پارلیمنٹ جاکر مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے، کرپٹ سیاست دانوں کے ساتھ بیٹھ کر ججز کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی گئی، آئین پاکستان عدلیہ اور ایگزیکٹو کے درمیان فرق رکھنے کا کہتا ہے۔بار کی شکیات کی کاپی سپریم جوڈیشل کونسل کے تمام ممبران کو ارسال کی گئی ہے۔

 

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترامیم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)سپریم کورٹ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر ترامیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی گئیں۔وکیل سعید آفتاب نے درخواست دائر کی جس میں انہوں نے مجوزہ ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔درخواست میں مو قف اپنایا گیا کہ بنیادی مطالبہ صرف آرٹیکل 184 کے تحت فیصلوں کے خلاف حق اپیل کا تھا، اپیل کا حق چیف جسٹس کے اختیارات میں کمی لائے بغیر دیا جا سکتا تھا۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کی طرز پر انٹرا کورٹ اپیل کا حق دیا جا سکتا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے پیش کردہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔دوران اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ارکان سے رائے شماری کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی شق وار منظوری دی تھی۔


شیئر کریں: